پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلوچ محفوظ خان کی غزلیں — Baloch Mehfooz Khan Ghazals

بلوچ محفوظ خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں ہوں خاموش یار کے آگے (غزل)

میں ہوں خاموش یار کے آگے

دل ہے مجبور پیار کے آگے

میں تو بس ڈھیر ہو گیا دلبر

تیری آنکھوں کے وار کے آگے

تم بھی مجبور ہو گئے ہو کیا

قلب بے اختیار کے آگے

پھول کتنے بھی خوبصورت ہوں

ناتواں ہیں وہ خار کے آگے

میں تو اف تک نہ کر سکا یارب

تیری اس سخت مار کے آگے

یہ نظارے تمام پھیکے ہیں

ایک بے روزگار کے آگے

درد عاشق بھی ہار جاتا ہے

درد بے روزگار کے آگے

اپنی دیوانگی کی باتوں کو

مت رکھو ہوشیار کے آگے

بات کرتے ہو تم محبت کی

اس دل بے قرار کے آگے

قلب محفوظؔ ڈر نہیں سکتا

ظلم کے اقتدار کے آگے

مجھے مفلسی نے بنایا ہے شاعر (غزل)

مجھے مفلسی نے بنایا ہے شاعر

مری شاعری ہے شکایت کا پیکر

جئے مفلسی میں مرے مفلسی میں

کفن بھی جو پہنا تو مقروض ہو کر

مری زندگی میں سکوں ہی نہیں ہے

ازل سے میں لایا ہوں ایسا مقدر

مجھے محفلوں سے محبت نہیں ہے

مری زندگی محفلوں سے ہے باہر

اگر تم کو مجھ سے عداوت نہیں تو

چھپائے ہو کیوں آستینوں میں خنجر

جسے دیکھ کر کانپ جائے کلیجہ

خدا نے دکھائے مجھے ایسے منظر

مری شاعری میں نہیں حسن دنیا

مری شاعری ہے غموں کا سمندر

نگاہ کرم چاہتا ہوں میں ان سے

مگر بے نیازی کے ہیں ان کے تیور

ابھی خون باقی ہے میری رگوں میں

اٹھاؤ تو شمشیر مارو گلے پر

وہ محفوظؔ کمزور تنہا کھڑا ہے

مگر پھر بھی باطل سے لیتا ہے ٹکر

مزید غزلیں از بلوچ محفوظ خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں