بال موہن پانڈے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس سے پہلے کہ کوئی اور ہٹا دے مجھ کو (غزل)
اس سے پہلے کہ کوئی اور ہٹا دے مجھ کو
اپنے پہلو سے کہیں دور بٹھا دے مجھ کو
میں سخن فہم کسی وصل کا محتاج نہیں
چاندنی رات ہے اک شعر سنا دے مجھ کو
خودکشی کرنے کے موسم نہیں آتے ہر روز
زندگی اب کوئی رستہ نہ دکھا دے مجھ کو
ایک یہ زخم ہی کافی ہے مرے جینے کو
چارہ گر ٹھیک نہ ہونے کی دوا دے مجھ کو
یوں تو سورج ہوں مگر فکر لگی رہتی ہے
وہ چراغوں کے بھرم میں نہ بجھا دے مجھ کو
تجھ کو معلوم نہیں عشق کسے کہتے ہیں
اپنے سینہ پہ نہیں دل میں جگہ دے مجھ کو
ہر نئے شخص پہ کھل جانے کی عادت موہنؔ
دینے والے سے کہو تھوڑی انا دے مجھ کے
کھل کے رو لینے سے دل ہلکان ہو جائے گا کیا (غزل)
کھل کے رو لینے سے دل ہلکان ہو جائے گا کیا
مسکرا دوں گا تو سب آسان ہو جائے گا کیا
میں اگر اپنی خوشی سے ایک دن بھی کاٹ لوں
آپ لوگوں کا بہت نقصان ہو جائے گا کیا
وہ میری دنیا کا حصہ تھی میری دنیا نہیں
ایک شجر کٹنے سے بن ویران ہو جائے گا کیا
دن بہ دن رشتوں کی زنجیریں جکڑتی جائیں گی
رفتہ رفتہ گھر میرا زندان ہو جائے گا کیا
تری طلب کا سبب صرف خالی پن تو نہیں (نظم)
تری طلب کا سبب صرف خالی پن تو نہیں
کہ تجھ سے رابطہ میرا ضرورتاً تو نہیں
میں ڈھونڈھتا تھا شجر آسماں کے ہوتے ہوئے
ترے فراق میں تھا دو جہاں کے ہوتے ہوئے
جب آشنا تھی محبت کی ہر گلی مجھ سے
میں زندگی سے بہت خوش تھا زندگی مجھ سے
جب احترام کیا کرتی تھی صبا میرا
بہار کھوج لیا کرتی تھی پتہ میرا
جب آنسوؤں کو میسر ہزار شانے تھے
جب انتظار نہ کرنے کے سو بہانے تھے
تری امید سے دل بے قرار تب بھی تھا
یقین کر کہ ترا انتظار تب بھی تھا