بلدیو سنگھ ہمدم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم بھی سنتے جو ترے حسن کے چرچے ہوتے (غزل)
ہم بھی سنتے جو ترے حسن کے چرچے ہوتے
کاش اس وقت تری بزم میں بیٹھے ہوتے
دل کے وہ داغ جو سینے میں چھپا رکھے ہیں
اے مسیحا وہ کبھی تو نے بھی دیکھے ہوتے
ہم سمجھ ہی نہ سکے تیری نظر کا مفہوم
ورنہ یوں بت سے بنے راہ میں بیٹھے ہوتے
غم دوراں کی کڑی دھوپ یہ تپتا صحرا
کاش دو گام تری زلف کے سائے ہوتے
ہم جلا لیتے اگر تیری محبت کے چراغ
ان اندھیروں کی جگہ دل میں اجالے ہوتے
دل میں ہوتا نہ کبھی ذوق تجسس کا ہجوم
تجھ سے دنیا میں اگر اور بھی چہرے ہوتے
جو بات رہے دل میں وہی بات بڑی ہے (غزل)
جو بات رہے دل میں وہی بات بڑی ہے
الفت کا تقاضا بھی یہی کم سخنی ہے
ساقی تری آنکھوں میں ہیں دو جام چھلکتے
مے خانے کی مستی تری آنکھوں میں بھری ہے
فن کار نے جب اپنا قلم غم میں ڈبویا
تب جا کے ترے حسن کی تصویر بنی ہے
جب چاہا تجھے دیکھ لیا جان تمنا
غم خانۂ دل میں تری تصویر جڑی ہے
کیوں صبح نہیں ہوتی مری شام الم کی
کیوں زیست مری موت کے سانچے میں ڈھلی ہے
جس وقت نظر آیا تری زلف کا سایہ
اس وقت کہا دل نے یہاں چھاؤں گھنی ہے
توہین نہ کر اس کی اسے کہہ لے مئے ناب
ناصح مرے ساغر میں تو شیشے کی پری ہے
یہ وقت جوانی ہے گنوا اس کو نہ ہمدمؔ
نادان عبارت کے لئے عمر پڑی ہے