پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلدیو راج کی غزلیں — Baldev Raaj Ghazals

بلدیو راج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت پچھتاؤ گے تم درد مندوں سے خفا ہو کر (غزل)

بہت پچھتاؤ گے تم درد مندوں سے خفا ہو کر

کہ گل مرجھا کے رہ جاتا ہے خاروں سے جدا ہو کر

کہاں جانا تھا مجھ کو اور کہاں لا کر کیا رسوا

نگاہ شوق نے دھوکا دیا ہے رہنما ہو کر

ستم کیجے جفا کیجے مگر انصاف سے کہیے

یہ ناراضی بھلا زیبا ہے بندے سے خدا ہو کر

بہاریں جا رہی تھیں جب خزاں کے ساتھ گلشن سے

گلوں کی آنکھ میں بھر آئے آنسو التجا ہو کر

زمانہ گر قیامت بھی اٹھاتا ہے اٹھانے دو

مگر اٹھ کر نہ جاؤ میرے پہلو سے خفا ہو کر

خیال دوست خضر راہ ہے دشت محبت میں

جنوں ہم راہ لے جاتا رہا ہے رہنما ہو کر

خدارا رحم کر پیمان الفت باندھنے والے

کہاں جاؤں گا میں آخر ترے غم سے رہا ہو کر

نہ بن جائے تمہاری زندگی کا آسرا کوئی

نہ اتراؤ کسی کی زندگی کا آسرا ہو کر

مجھے طوفان لے جاتا جہاں میرا مقدر تھا

ڈبویا ہے مری کشتی کو تم نے ناخدا ہو کر

ہماری دیکھا دیکھی تم وفاؤں پر نہ آ جانا

زمانے سے ہمیں کیا مل رہا ہے با وفا ہو کر

بیاں کیا حال دل ہو جب محبت کا یہ عالم ہے

شکایت بھی مرے ہونٹوں پہ آتی ہے دعا ہو کر

عجب دستور ہے اے راجؔ دنیائے محبت کا

جفائیں سامنے آئیں وفاؤں کی سزا ہو کر

میں جی رہا ہوں تیرا سہارا لیے بغیر (غزل)

میں جی رہا ہوں تیرا سہارا لیے بغیر

یہ زہر پی رہا ہوں گوارا کئے بغیر

بکتا نہ کاش عشق کی قیمت لیے بغیر

میں ان کا ہو گیا انہیں اپنا کئے بغیر

واقف تو ہوں وفا کے نتیجے سے ہم نشیں

بنتی نہیں ہے ان پہ بھروسا کئے بغیر

کیا زندگی ہے اہل گلستاں کی زندگی

گل ہنس رہے ہیں چاک گریباں سیے بغیر

دن رات ہم نے غم کی حفاظت تو کی مگر

دنیا نہ رہ سکی ہمیں رسوا کئے بغیر

مرنے کی آرزو مجھے مدت سے ہے مگر

لیکن یہ کام ہو نہیں سکتا جئے بغیر

ان کی نگاہ مست کے صدقے میں مدتوں

اک بے خودی کا دور رہا ہے پئے بغیر

برق چمن حدود چمن سے نکل کے دیکھ

تاریک ایک اور بھی گھر ہے دیے بغیر

اے راجؔ راس آ نہ سکی محفل حیات

ہم آ گئے تھے کس کی اجازت لئے بغیر

مزید غزلیں از بلدیو راج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں