بلراج حیرت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عقل کے دشمن بھی ہم ٹھہرے دل کا بھی نقصان کیا (غزل)
عقل کے دشمن بھی ہم ٹھہرے دل کا بھی نقصان کیا
ذوق طلب کی آڑ میں حیرتؔ نفس نے کیا حیران کیا
خلق کیا ہوگا آدم کو واقعی حضرت یزداں نے
لیکن اس کا نام بتاؤ جس نے اسے انسان کیا
رام تھے مریادا پرشوتم رام کی باتیں رہنے دو
اور بتاؤ اس دنیا میں کس نے کس کا مان کیا
ہم کچھ بھی تو نہیں تھے لیکن آپا یار بری شے ہے
پہروں اپنی یاد میں روئے جب بھی تیرا دھیان کیا
اب یہ تکلف بھی دنیا میں لوگ کہاں فرماتے ہیں
تو نے پوچھا حال ہمارا یار بڑا احسان کیا
دل تو اسی خاطر ہوتا ہے کیا یہ تمہیں معلوم نہ تھا
حیرتؔ کیوں بربادئ دل پر جی اتنا ہلکان کیا
کہیں خلا میں کوئی روح چیختی ہوگی (غزل)
کہیں خلا میں کوئی روح چیختی ہوگی
مرا خیال ہے اب شام ڈھل چکی ہوگی
پڑھا تو تھا کہیں میں نے کسی فقیر کا قول
بغاوتوں کی نگہباں سپردگی ہوگی
میں خود سے محو تکلم تھا بے حجابانہ
مجھے خبر نہ تھی دنیا بھی سن رہی ہوگی
مرے وجود کو آہنگ بھی اسی نے دیا
مرے عدم کا سبب بھی یہی صدی ہوگی
ابھی ابھی جو سر رہ گزر ملی تھی مجھے
وہ دھوپ چھانو کی مورت کہاں گئی ہوگی
سفینۂ وقت کسے اپنے منہ لگاتا ہے
ہمیں نے پھر کوئی بات ایسی ویسی کی ہوگی
حیات میں وہ مقام آ رہا ہے اب کہ جہاں
نہ اعتقاد معاون نہ آگہی ہوگی
عجیب خوف مسلط دل و دماغ پہ ہے
مرے سفر کی یہ شب شاید آخری ہوگی
یہ جنوری کا مہینہ بھی کٹ گیا حیرتؔ
خدا کے فضل سے کل ایک فروری ہوگی