بال سوروپ راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آج پھر رنگ پہ ہے شام خدا خیر کرے (غزل)
آج پھر رنگ پہ ہے شام خدا خیر کرے
پھر مرے ہاتھ میں ہے جام خدا خیر کرے
ہے یہ افواہ بڑے زور پہ ہر محفل میں
ان کو مجھ سے ہے کوئی کام خدا خیر کرے
پھر رنگے ہاتھ مجھے درد نے آ پکڑا ہے
پھر محبت کا ہے الزام خدا خیر کرے
لاکھوں طوفان کہ جس دل میں بسے رہتے تھے
آج کل ہے وہاں آرام خدا خیر کرے
جو مجھے دیکھ کے نظروں کو چرا لیتے تھے
ان کی آنکھوں میں ہے پیغام خدا خیر کرے
جانے کیا سوچ کے اس بت نے الٹ دی ہے نقاب
اور پھر وہ بھی سر بام خدا خیر کرے
یوں تو پہلے بھی کئی دوست دغا دیتے تھے
اب تو یہ بات ہوئی عام خدا خیر کرے
میرے معصوم ارادوں نے دوبارہ راہیؔ
ان کا آنچل ہے لیا تھام خدا خیر کرے
دل کی ہر آرزو ناکام ہوئی جاتی ہے (غزل)
دل کی ہر آرزو ناکام ہوئی جاتی ہے
زندگی درد کا پیغام ہوئی جاتی ہے
کیسے ممکن ہے سزا پیار کی مجھ کو نہ ملے
ہر صفائی مری الزام ہوئی جاتی ہے
کس نے آنگن میں کھڑے ہو کے یہ زلفیں کھولیں
روز روشن ہے مگر شام ہوئی جاتی ہے
ذکر آتے ہی ترا دیکھتے سب میری طرف
تو تو اب میری ہی ہم نام ہوئی جاتی ہے
زندگی ہاتھ میں تھی زہر کا پیالہ میرے
تیرے ہاتھوں میں مگر جام ہوئی جاتی ہے
ہم ڈبا آئے سویم اپنی ہی کشتی راہیؔ
تو تو بے کار ہی بد نام ہوئی جاتی ہے