پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بکل دیو کی غزلیں — Bakul Dev Ghazals

بکل دیو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بارشوں میں اب کے یاد آئے بہت (غزل)

بارشوں میں اب کے یاد آئے بہت

ابر جو برسے نہیں چھائے بہت

جانے کس کے دھیان میں ڈوبا تھا خواب

نیند نے کنگن تو کھنکائے بہت

پھر ہوا یوں لگ گیا جی عشق میں

پہلے پہلے ہم بھی گھبرائے بہت

منزلوں پر بار تھا رخت سفر

اور ہم آنسو بچا لائے بہت

مجھ سے میرا رنگ مانگے ہے دھنک

رشک میں یوں بھی ہیں ہمسائے بہت

دل جو ٹوٹا سج گیا آنکھوں کا ہاٹ

اس کھنڈر سے نکلے پیرائے بہت

زندگی آخر پشیماں کر گئی

ہم اسی مہلت پہ اترائے بہت

قافلہ کے غم میں غم شامل نہیں

تم بکلؔ آگے نکل آئے بہت

جو ہے چشمہ اسے سراب کرو (غزل)

جو ہے چشمہ اسے سراب کرو

شہر تشنہ میں انقلاب کرو

مسکرانے کا فن تو بعد کا ہے

پہلے ساعت کا انتخاب کرو

اب کے تعبیر مسئلہ نہ رہے

یہ جو دنیا ہے اس کو خواب کرو

اور پکنے دو عشق کی مٹی

پار عجلت میں مت چناب کرو

عہد نو کے عجب تقاضے ہیں

جو ہے خوشبو اسے گلاب کرو

یوں خوشی کی ہوس نہ جائے گی

ایک اک غم کو بے نقاب کرو

پہلے پوچھو سوال اپنے تئیں

پھر خلا سے طلب جواب کرو

مزید غزلیں از بکل دیو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں