پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بختیار ضیا کی غزلیں — Bakhtiyar Ziya Ghazals

بختیار ضیا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک عمر گزاری ہے تب راز یہ سمجھا ہے (غزل)

اک عمر گزاری ہے تب راز یہ سمجھا ہے

جو کچھ ہے محبت ہے دنیا ہے یہ عقبیٰ ہے

اک آپ کا دامن ہے معمور مرادوں سے

اک میرا گریباں ہے جو خون میں لتھڑا ہے

اخلاص سے عاری ہے اب پرسش غم اے دل

یہ رسم ہی دنیا سے اٹھ جائے تو اچھا ہے

اس دور کشاکش میں ہم ہوں کہ ضیاؔ تم ہو

بکھرے ہوئے موتی ہیں ٹوٹا ہوا رشتہ ہے

دل کا سکون آنکھ کا تارا کسے کہیں (غزل)

دل کا سکون آنکھ کا تارا کسے کہیں

یہ سوچنا پڑا ہے کہ اپنا کسے کہیں

یہ شور انقلاب یہ ناقوس یہ اذاں

ہنگامہ کون سا ہے تماشہ کسے کہیں

رہبانیت کا جسم سے فسطائیت کی روح

کس کو رفیق خون کا پیاسا کسے کہیں

سب ملتے جلتے چہرے ہیں دشمن بھی دوست بھی

قاتل کسے بتائیں مسیحا کسے کہیں

ہر ذرۂ حقیر ہے ہم دوش مہر و ماہ

اس پتھروں کے ڈھیر میں ہیرا کسے کہیں

اتنا شعور دے ہمیں خلاق خیر و شر

خوار و زبوں ہے کون فرشتہ کسے کہیں

ملنا تھا جو نصیب سے وہ مل گیا ضیاؔ

حسرت کسے بتائیں تمنا کسے کہیں

مزید غزلیں از بختیار ضیا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں