بخش لائلپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی شے دل کو بہلاتی نہیں ہے (غزل)
کوئی شے دل کو بہلاتی نہیں ہے
پریشانی کی رت جاتی نہیں ہے
ہمارے خواب چوری ہو گئے ہیں
ہمیں راتوں کو نیند آتی نہیں ہے
کوئی تتلی کماں داروں کے ڈر سے
فضا میں پنکھ پھیلاتی نہیں ہے
ہر اک صورت ہمیں بھاتی نہیں ہے
کوئی صورت ہمیں بھاتی نہیں ہے
جس آزادی کے نغمے ہیں زباں پر
وہ آزادی نظر آتی نہیں ہے
بدن بے حرکت و بے حس پڑے ہیں
لہو کی بوند گرماتی نہیں ہے
مسلسل پوش کی چابک زنی سے
مری آشفتگی جاتی نہیں ہے
زوال فکر و فن کی بخشؔ تہمت
جلال حرف پر آتی نہیں ہے
کبھی آنکھوں پہ کبھی سر پہ بٹھائے رکھنا (غزل)
کبھی آنکھوں پہ کبھی سر پہ بٹھائے رکھنا
زندگی تلخ سہی دل سے لگائے رکھنا
لفظ تو لفظ ہیں کاغذ سے بھی خوشبو پھوٹے
صفحۂ وقت پہ وہ پھول کھلائے رکھنا
چاند کیا چیز ہے سورج بھی ابھر آئے گا
ظلمت شب میں لہو دل کا جلائے رکھنا
حرمت حرف پہ الزام نہ آنے پائے
سخن حق کو سر دار سجائے رکھنا
فرش تو فرش فلک پر بھی سنائی دے گا
میری آواز میں آواز ملائے رکھنا
کبھی وہ یاد بھی آئے تو ملامت کرنا
کبھی اس شوخ کی تصویر بنائے رکھنا
بخشؔ سیکھا ہے شہیدان وفا سے ہم نے
ہاتھ کٹ جائیں علم منہ سے اٹھائے رکھنا