پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بہرام جی کی غزلیں — Bahram Ji Ghazals

بہرام جی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دنیا میں عبادت کو تری آئے ہوئے ہیں (غزل)

دنیا میں عبادت کو تری آئے ہوئے ہیں

پر حسن بتاں دیکھ کے گھبرائے ہوئے ہیں

افسوس عبادت نہ تری ہو سکی ہم سے

گردن نہیں اٹھتی ہے کہ شرمائے ہوئے ہیں

الزام نہیں طور جو سرمہ ہوا جل کر

موسیٰ بھی تجلی سے تو شرمائے ہوئے ہیں

میں برہمن و شیخ کی تکرار سے سمجھا

پایا نہیں اس یار کو جھنجھلائے ہوئے ہیں

کعبے سے نہ رغبت ہمیں نے دیر کی خواہش

ہم خانۂ دل میں جو اسے پائے ہوئے ہیں

ہے کون سی جا ہو جو ترے جلوے سے خالی

مضمون ہم اب دل میں یہی لائے ہوئے ہیں

ذلت کے خریدار ہوئے حرص کے بندے

حاجت کے لئے ہاتھ جو پھیلائے ہوئے ہیں

جس قوم میں دیکھا تو تجسس ترا پایا

معبد ترے ہر قوم میں ٹھہرائے ہوئے ہیں

بہرامؔ غزل اور بھی اک ان کو سنا دے

مشتاق تری بزم میں سب آئے ہوئے ہیں

ہو چکا وعظ کا اثر واعظ (غزل)

ہو چکا وعظ کا اثر واعظ

اب تو رندوں سے در گزر واعظ

صبح دم ہم سے تو نہ کر تکرار

ہے ہمیں پہلے درد سر واعظ

بزم رنداں میں ہو اگر شامل

پھر تجھے کچھ نہیں خطر واعظ

وعظ اپنا یہ بھول جائے تو

آوے گر یار سیم بر واعظ

ہے یہ مرغ سحر سے بھی فائق

صبح اٹھتا ہے پیشتر واعظ

مسجد و کعبہ میں تو پھرتا ہے

کوئے جاناں سے بے خبر واعظ

شور و غل بند تو نہیں کرتا

ہے تو انساں کہ کوئی خر واعظ

ظاہری وعظ سے ہے کیا حاصل

اپنے باطن کو صاف کر واعظ

بندۂ کوئے یار ہے بہرامؔ

تیری مسجد سے کیا خبر واعظ

مزید غزلیں از بہرام جی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں