پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بہار برنی کی غزلیں — Bahar Barni Ghazals

بہار برنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم کل اس انجمن سے جو پڑھ کر غزل گئے (غزل)

ہم کل اس انجمن سے جو پڑھ کر غزل گئے

کہتے ہیں ان کی آنکھوں میں ساگر مچل گئے

روئی سحر تو حسن کے منظر بدل گئے

شبنم کی چوٹ کھائی تو پتھر پگھل گئے

ایسے بھی موڑ آئے رہ عشق میں جہاں

ہم خود ہی اپنے آپ سے بچ کر نکل گئے

اگلے سے اب کہاں ہیں وہ تشنہ لبان شوق

شیشے بدل گئے مے و ساغر بدل گئے

اب دیکھ تیرے شہر کی گلیاں اداس ہیں

دیوانے تیرے شہر سے باہر نکل گئے

تم ساتھ تھے تو گویا زمانہ بھی ساتھ تھا

بدلے جو تم تو وقت کے تیور بدل گئے

ہم اہل غم کا کیا کہ بہار ان کے نام پر

بہلا دیا کسی نے تو اکثر بہل گئے

مرے دل کے داغ خدا رکھے رہ غم میں جلوہ کناں رہے (غزل)

مرے دل کے داغ خدا رکھے رہ غم میں جلوہ کناں رہے

کبھی چاندنی کی طرح کھلے کبھی بن کے کاہکشاں رہے

وہی آرزو وہی مرحلے وہی جستجو وہی سلسلے

تجھے پا کے بھی وہی فاصلے تری قربتوں میں نہاں رہے

میں شکستہ حال و شکستہ پا تہ دام آ بھی گیا تو کیا

مری آرزو میں تو دم رہا مرے حوصلے تو جواں رہے

یہ بتا کہ ساقیٔ خوش نظر وہی جام ہے وہی مے مگر

وہ بلا کشان جنوں اثر ترے مے کدے میں کہاں رہے

کوئی کیا بہارؔ سمجھ سکے کہ یہ اپنا اپنا نصیب ہے

کوئی داغ نور جبیں بنے کوئی روح و دل کا زیاں رہے

مزید غزلیں از بہار برنی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں