پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بدر واسطی کی غزلیں — Badr Wasti Ghazals

بدر واسطی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اقرار کسی دن ہے تو انکار کسی دن (غزل)

اقرار کسی دن ہے تو انکار کسی دن

ہو جائے گی اب آپ سے تکرار کسی دن

چاہا کبھی سوچا کبھی تصویر بنائی

چھوڑا نہ تری یاد نے بے کار کسی دن

پلکوں پہ ستارے لیے راہوں میں کھڑے ہیں

فرصت ہو تو آ جائیے سرکار کسی دن

دنیا میں سدا چلتی ہے چاہت کی حکومت

آ جاؤ منا لیں گے ہم اتوار کسی دن

آیا ہے اکیلا تجھے جانا ہے اکیلا

بس دیکھتے رہ جائیں گے سب یار کسی دن

دولت کے یہ انبار ترا ساتھ نہ دیں گے

گر جائے گی نادان یہ دیوار کسی دن

اچھی نہیں لگتی ہمیں عادت یہ تری بدرؔ

ہر بار کبھی اور تو ہر بار کسی دن

چراغوں میں اندھیرا ہے اندھیرے میں اجالے ہیں (غزل)

چراغوں میں اندھیرا ہے اندھیرے میں اجالے ہیں

ہمارے شہر میں کالی ہوا نے پر نکالے ہیں

ہمیں شب کاٹنے کا فن وراثت میں ملا ہم نے

کبھی پتھر پکائے ہیں کبھی سپنے ابالے ہیں

دلوں میں خوف ہے اس کا نظر ہے اس کی رحمت پر

گنہ گاروں میں شامل ہیں مگر اللہ والے ہیں

لڑے تھے ساتھ مل کر ہم چراغوں کے لئے لیکن

ہمارے گھر اندھیرے ہیں تمہارے گھر اجالے ہیں

تمہاری یاد سے اچھا نہیں ہوتا کوئی عالم

میسر جن کو ہو جائے بڑی تقدیر والے ہیں

محبت آخری حل ہے ہمارے سب مسائل کا

مگر ہم نے تو نفرت کے سپنولے دل میں پالے ہیں

بھڑکتی آگ تو دو چار دن میں بجھ گئی تھی بدرؔ

ابھی تک شہر کے منظر نہ جانے کیوں دھوانلے ہیں

خبر شاکی ہے تم مجھ کو (نظم)

خبر شاکی ہے تم مجھ کو

فقط قصہ سمجھ کر ہی نظر انداز کرتے ہو

کبھی سوچا ہے تم نے یہ کہ

اک چھوٹے سے قصے نے

خبر بننے کے پہلے کیا جتن جھیلے ستم کاٹے

کسی بے نام کوچے سے نکل کر سامنے آیا

سسکتے اونگھتے لوگوں کو چونکایا

بہت کچھ اور بھی کرتا ہوا قصہ خبر کا روپ لیتا ہے

مگر تم تو فقط قصہ سمجھ کر چھوڑ دیتے ہو

سبب اس کا یہ ہے شاید

یہاں ہے موت بھی معمول میں شامل

کنوارے بے زباں جسموں پہ حملے روز ہوتے ہیں

ڈکیتی قتل اغوا لوٹ اور آتش زنی

بہت کچھ ہوتا ہی رہتا ہے

نیا جیسے کہیں کچھ بھی نہیں

لیکن کبھی تم پر

اور ان پر بھی کہ جن پر سب گزرتا ہے

سبھی کچھ خاص تب ہوگا

کبھی تم پر بھی کچھ گزرے

فقط قصہ سمجھ کر چھوڑ دیتے ہو

مزید غزلیں از بدر واسطی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں