پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بدر منیر کی غزلیں — Badr Muneer Ghazals

بدر منیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھ لیتے ہو محبت سے یہی کافی ہے (غزل)

دیکھ لیتے ہو محبت سے یہی کافی ہے

دل دھڑکتا ہے سہولت سے یہی کافی ہے

مدتوں سے نہیں دیکھا ترا جلوہ لیکن

یاد آ جاتے ہو شدت سے یہی کافی ہے

جو بھی رستے میں گزرتا ہے مرے پہلو سے

دیکھتا ہے تری نسبت سے یہی کافی ہے

میرے آنگن میں اترتا نہیں وہ چاند کبھی

دیکھ لیتے ہیں اسے چھت سے یہی کافی ہے

ساری دنیا سے الجھتے ہیں مگر تیرا کہا

مان لیتے ہیں شرافت سے یہی کافی ہے

حال دنیا کے ستائے ہوئے کچھ لوگوں کا

پوچھ لیتے ہو شرارت سے یہی کافی ہے

کیا ہوا ہم کو میسر جو زر و مال نہیں

کٹ رہی ہے بڑی عزت سے یہی کافی ہے

آج کے عہد تغافل میں کسی در پہ منیرؔ

کوئی آ جائے ضرورت سے یہی کافی ہے

وہ دل کی باتیں زمانے بھر کو نہ یوں سناتا مجھے بتاتا (غزل)

وہ دل کی باتیں زمانے بھر کو نہ یوں سناتا مجھے بتاتا

وہ ایک دفعہ مری محبت کو آزماتا مجھے بتاتا

زبان خلقت سے جانے کیا کیا وہ مجھ کو باور کرا رہا ہے

کسی بہانے انا کی دیوار کو گراتا مجھے بتاتا

زمانے والوں کو کیا پڑی ہے سنیں جو حال دل شکستہ

مگر مری تو یہ آرزو تھی مجھے بلاتا مجھے بتاتا

مجھے خبر ہے کہ چپکے چپکے اندھیرے اس کو نگل رہے ہیں

میں اس کی راہوں میں اپنے دل کا دیا جلاتا مجھے بتاتا

ستم کیا ہے منیرؔ اس نے جو شہر چھوڑا ہے خامشی سے

میں اس کی خاطر یہ ساری دنیا بھی چھوڑ جاتا مجھے بتاتا