بدر۔ م ۔ ژرف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
امتحاں ہے دل کا جاناں خونیں آمیزش کے بعد (غزل)
امتحاں ہے دل کا جاناں خونیں آمیزش کے بعد
مرکز الفت پہ ہیں ہم مختصر گردش کے بعد
وقت وصلت بن گئی مژگاں پہ دیوار زجاج
موسم ابرآلود ہے طغیانیٔ بارش کے بعد
شہر کی اونچی عمارت سے نظارہ باز ہوں
زندگی ثابت قدم ہے بارہا لغزش کے بعد
بندگی سوئے معابد منتشر رم دیدہ ہے
عاشقی خود گم بہ دید چرخ ہے رنجش کے بعد
زخمۂ موج صبا طاؤس کو آہنگ دے
حجت خود نطق سے بے حالیٔ نالش کے بعد
بزم ہر نو ہے تلازم بالتعاقب فی الزماں
صحبت رنداں اٹھا ملائی آموزش کے بعد
یاد کے باہم انا ہے گر تمام زیست ژرفؔ
لوح الفت پر رقم کیا باقی ہے سازش کے بعد
پاؤں زمیں پہ مار پلٹ جانا عشق ہے (غزل)
پاؤں زمیں پہ مار پلٹ جانا عشق ہے
بتلا سکے نہ کچھ بھی نہ بتلانا عشق ہے
کھوئے گئے حواس پہ باور نہ کر سکا
چٹکی بجا کے آگے پہ دھمکانا عشق ہے
یہ اعتماد ہو تو مرا مرنا بنتا ہے
واللہ کہ جان دینے پہ جتلانا عشق ہے
آنکھوں میں انتظار کی لایا ہے بارشیں
ابرو پہ ہاتھ تڑکے میں چندھیانا عشق ہے
مربوط کیا کہ نیلی لکیریں بھی پھٹ پڑیں
رچنا نہیں کہ نام بھی چھدوانا عشق ہے
لائے ہیں یار لاگے مگر پھول پھول پر
پھلواریوں میں موہنا مسکانا عشق ہے
اس مٹی پتھروں سے بنے سخت گولے پر
اس پیکر گداز کا گدرانا عشق ہے
ہم جا چکے ہیں آنے کو آئے نہیں ہیں ژرفؔ
جانا کہ آنے کا ہے کہاں آنا عشق ہے