بدر جمیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پرکھوں کی بو باس لیے پھرتا ہوں (غزل)
پرکھوں کی بو باس لیے پھرتا ہوں
مٹھی بھر احساس لیے پھرتا ہوں
چاروں اور سمندر اور میں پل پل
ایک انجانی پیاس لیے پھرتا ہوں
رام کو تو بن باس لیے پھرتا تھا
میں خود میں بن باس لیے پھرتا ہوں
محفل محفل خیمہ زن مایوسی
منزل منزل آس لیے پھرتا ہوں
ہر موسم کا کرب چھپا ہے مجھ میں
میں ہر رت کی پیاس لیے پھرتا ہوں
خوش قامتی کے زعم میں دانائی جائے گی (غزل)
خوش قامتی کے زعم میں دانائی جائے گی
سورج نہ دیکھ آنکھ کی بینائی جائے گی
یا رب کوئی فرشتہ جسے دوست کہہ سکوں
انسان کی تلاش میں بینائی جائے گی
دو چار جھوٹ بول کے آئی بلا کو ٹال
سچ بولنے کے جرم میں گویائی جائے گی
نسلی رقابتوں میں گئے اپنے بام و در
اب آپسی نفاق میں انگنائی جائے گی
زخموں سے ہے جمیلؔ مذاق سخن میں جاں
یہ بھر گئے تو پھر سخن آرائی جائے گی
مزید غزلیں از بدر جمیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں