بدر جمالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم نے آپ کے غم کو ہم سفر بنایا ہے (غزل)
ہم نے آپ کے غم کو ہم سفر بنایا ہے
یعنی زندگانی کو معتبر بنایا ہے
ہر غم زمانہ کو دل میں دی جگہ ہم نے
خوب جو ملا اس کو خوب تر بنایا ہے
اینٹ اور پتھر کا گھر نہیں ملا تو کیا
دشمنوں کے دل میں بھی ہم نے گھر بنایا ہے
احتیاط سیکھی ہے بے اصول لوگوں سے
ہم کو چند اندھوں نے دیدہ ور بنایا ہے
زیست کے گھروندے کو ہم نے اپنے ہاتھوں سے
عمر بھر بگاڑا ہے عمر بھر بنایا ہے
اپنے چہرے پر کئی چہرے لیے (غزل)
اپنے چہرے پر کئی چہرے لیے
ہم بڑے ہی پارسا بن کر جیے
راز الفت کا چھپانے کے لیے
ضبط گریہ بھی کیا لب بھی سیے
جن میں چلتی ہیں ہوائیں تیز تیز
ایسی راہوں میں جلائے ہیں دیے
جو بھی ہیں اس بزم میں مدہوش ہیں
اور یہ مدہوشیاں ہیں بن پیے
آپ نے چھوڑے ہیں جو نقش قدم
وہ ہمارے حق میں ہیں روشن دیے
غم کے طوفانوں کی زد پر بے خطر
پھر جمالیؔ نے جلائے ہیں دیے
مزید غزلیں از بدر جمالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں