اعظمی ارقم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
منا کر جشن اپنی بے بسی کا (غزل)
منا کر جشن اپنی بے بسی کا
اڑاتا ہوں تمسخر زندگی کا
لہو کی چھینٹ ہر دیوار پر تھی
لگا الزام پھر بھی خودکشی کا
خدا سب کو بناتے جا رہے ہو
تماشہ کر رہے ہو بندگی کا
مری صف سے جو آگے کی صفیں ہیں
نمایاں فاصلہ ہے مفلسی کا
چلا کر پیٹھ پر خنجر یہ کس نے
کیا ہے نام رسوا دشمنی کا
نہ جانے راہ کے جو پیچ و خم کو
اسے عہدہ ملا ہے رہبری کا
چلو مہتاب لے آئیں کہیں سے
بڑھا جاتا ہے سایا تیرگی کا
وہ دولت علم کی ارقمؔ ہے جس کو
کبھی خدشہ نہیں ہے رہزنی کا
مزید غزلیں از اعظمی ارقم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں