عزم الحسنین عزمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دشمن سے بھی ہاتھ ملایا جا سکتا ہے (غزل)
دشمن سے بھی ہاتھ ملایا جا سکتا ہے
درد کا بھی تو لطف اٹھایا جا سکتا ہے
پھر سے ایک محبت بھی کی جا سکتی ہے
تیرے غم سے ہاتھ چھڑایا جا سکتا ہے
سانجھا کوئی بیچ میں پیڑ لگا لیتے ہیں
جس کا دونوں گھر میں سایہ جا سکتا ہے
ہمسائے جو اپنے گھر میں آج نہیں ہیں
دیواروں کو درد سنایا جا سکتا ہے
ہجر کے ہاتھ پہ خودداری کو گروی رکھ کے
پھر سے اس کو فون لگایا جا سکتا ہے
ساری رات عبادت تو ہے مشکل عزمیؔ
ہاں رستے سے سنگ ہٹایا جا سکتا ہے
کسی خیال کی صورت میں اب گماں سے نکل (غزل)
کسی خیال کی صورت میں اب گماں سے نکل
سخن کا تیر ہے تو ہونٹ کی کماں سے نکل
کبھی تو مجھ کو مرے عکس تک رسائی دے
اے آئنے تو کسی روز درمیاں سے نکل
چھپے ہوئے کوئی منظر مری نگاہ میں آ
اے کوئی ان کہے مصرعے مری زباں سے نکل
ترے سوا بھی بہت لوگ منتظر ہیں مرے
سو اپنی چوٹ لگا اور داستاں سے نکل
مرے نصیب کے تارے کہیں فضاؤں میں مل
میں چل پڑا ہوں زمیں سے تو آسماں سے نکل