پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عظمت بھوپالی کی غزلیں — Azmat Bhopali Ghazals

عظمت بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا سنائیں حال دل اظہار کے قابل نہیں (غزل)

کیا سنائیں حال دل اظہار کے قابل نہیں

لطف ہی کیا زندگی میں تم اگر شامل نہیں

اک ذرا سی ٹھیس پہونچی ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی

کوئی شیشہ ہے مرے سینے میں شاید دل نہیں

مسکرا دیتا ہوں اکثر گردش حالات پر

سوچتا ہوں زیر پا اب کون سی منزل نہیں

غم دئے دنیا نے لیکن مجھ کو پہچانے بغیر

کوئی غم شایان موج اضطراب دل نہیں

جانے لے آئی ہمیں کس موڑ پر دیوانگی

ڈھونڈنے نکلے تھے جس کو ہم یہ وہ منزل نہیں

کس طرح آئے تری صورت نظر کے سامنے

دل کا آئینہ ہی جب تصویر کے قابل نہیں

اک مسلسل درد منزل ایک جہد مستقل

کوئی لمحہ زندگی میں لمحۂ حاصل نہیں

چھوڑ کر عظمتؔ کو تنہا ہم سفر کہنے لگے

ایسا دیوانہ ہمارے ساتھ کے قابل نہیں

موجوں میں تلاطم ہے ساحل پہ بھی طوفاں ہے (غزل)

موجوں میں تلاطم ہے ساحل پہ بھی طوفاں ہے

اب اپنے سفینے کا اللہ نگہباں ہے

ہر چند محیط دل تاریکیٔ ہجراں ہے

شعلہ تری یادوں کا سینہ میں فروزاں ہے

دیکھا ہی نہیں تم نے کیا رنگ بہاراں ہے

سرخی ہے جو پھولوں پر وہ خون شہیداں ہے

تخریب کے پردے میں تعمیر بھی پنہاں ہے

تاریک فضاؤں میں اک شمع فروزاں ہے

کیا غم جو اندھیرا ہے دنیا کی فضاؤں میں

جو داغ تمنا ہے خورشید درخشاں ہے

کھلتے نہیں لب میرے احساس حمیت سے

مرتا ہوں کہ حال دل چہرے سے نمایاں ہے

خوابوں کے دریچوں سے جھانکا ہے بہاروں نے

اب دامن صحرا بھی دامان گلستاں ہے

ممکن ہے صبا خوشبو صحرا میں اڑا لائے

ہرچند گھٹاؤں کا رخ سوئے گلستاں ہے

کیا خوف تجھے آخر اے راہ رو ہستی

کہتے ہیں اجل جس کو ہستی کی نگہباں ہے

چھائے گی خوشی اک دن غم خانۂ ہستی پر

غم تو مری دنیا میں کچھ دیر کا مہماں ہے

اب آپ کی مرضی ہے جو چاہیں ہمیں سمجھیں

دل آپ کا شیدا ہے دل آپ پہ نازاں ہے

تصویر تری اب تک پھرتی ہے نگاہوں میں

ہر یاد تری اب تک نزدیک رگ جاں ہے

اٹھ کر ترے کوچے سے اب جائے کہاں عظمتؔ

دنیا بھی بیاباں ہے عقبیٰ بھی بیاباں ہے

مزید غزلیں از عظمت بھوپالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں