ازلان شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے یقینی کا تعلق بھی یقیں سے نکلا (غزل)
بے یقینی کا تعلق بھی یقیں سے نکلا
میرا رشتہ وہی آخر کو زمیں سے نکلا
مجھ کو پہچان تو اے وقت میں وہ ہوں جو فقط
ایک غلطی کے لئے عرش بریں سے نکلا
ایک مرے آنکھ جھپکنے کی ذرا دیر تھی بس
وہ قریب آتا ہوا دور کہیں سے نکلا
ایڑیاں مار کے زخمی بھی ہوئے لوگ مگر
کوئی چشمہ نہیں زرخیز زمیں سے نکلا
ہارے ہوئے لوگوں کی کہانی کی طرح ہیں (غزل)
ہارے ہوئے لوگوں کی کہانی کی طرح ہیں
ہم لوگ بھی بہتے ہوئے پانی کی طرح ہیں
دنیا ترے ہونے کا یقیں کیوں نہیں کرتی
ہم بھی تو یہاں تیری نشانی کی طرح ہیں
چپکے سے گزرتے ہیں خبر بھی نہیں ہوتی
دن رات بھی کمبخت جوانی کی طرح ہیں
گر نام کمانا ہے تمہیں اتنا سمجھ لو
آنسو بھی محبت کی نشانی کی طرح ہیں
اس بار ہے ہونا بھی نہ ہونے کے برابر
اس بار تو ہم جیسے کہانی کی طرح ہیں
مزید غزلیں از ازلان شاہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں