عزیز حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت کا مجھے دعویٰ ہی کیا ہے (غزل)
محبت کا مجھے دعویٰ ہی کیا ہے
چلو جانے بھی دو جھگڑا ہی کیا ہے
بہت کچھ دیکھنا ہے آگے آگے
ابھی دل نے مرے دیکھا ہی کیا ہے
الٰہی کس کے لئے گرتی ہے بجلی
نشیمن میں مرے رکھا ہی کیا ہے
محبت میں جئے یا کوئی مر جائے
کسی کی آپ کو پروا ہی کیا ہے
نہ مانے گا نہ مانے گا مرا دل
''نہیں'' سے آپ کی ہوتا ہی کیا ہے
نہ بدلنا تھا نہ بدلا دل شیدا اپنا (غزل)
نہ بدلنا تھا نہ بدلا دل شیدا اپنا
رنگ ہر وقت بدلتی رہی دنیا اپنا
صورت آتش خاموش جلا کرتا ہوں
دیکھتا ہوں شب غم آپ تماشا اپنا
زخم نے داد نہ دی درد نے فریاد نہ کی
رہ گیا تھام کے قاتل بھی کلیجہ اپنا
حسن ہے داد خدا عشق ہے امداد خدا
غیر کا دخل نہیں بخت ہے اپنا اپنا
وہ سنیں یا نہ سنیں نالہ و فریاد عزیزؔ
آپ ہرگز نہ کریں ترک تقاضا اپنا
مزید غزلیں از عزیز حیدرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں