عزیز حامد مدنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
فراق سے بھی گئے ہم وصال سے بھی گئے (غزل)
فراق سے بھی گئے ہم وصال سے بھی گئے
سبک ہوئے ہیں تو عیش ملال سے بھی گئے
جو بت کدے میں تھے وہ صاحبان کشف و کمال
حرم میں آئے تو کشف و کمال سے بھی گئے
اسی نگاہ کی نرمی سے ڈگمگائے قدم
اسی نگاہ کے تیور سنبھال سے بھی گئے
غم حیات و غم دوست کی کشاکش میں
ہم ایسے لوگ تو رنج و ملال سے بھی گئے
گل و ثمر کا تو رونا الگ رہا لیکن
یہ غم کہ فرق حرام و حلال سے بھی گئے
وہ لوگ جن سے تری بزم میں تھے ہنگامے
گئے تو کیا تری بزم خیال سے بھی گئے
ہم ایسے کون تھے لیکن قفس کی یہ دنیا
کہ پر شکستوں میں اپنی مثال سے بھی گئے
چراغ بزم ابھی جان انجمن نہ بجھا
کہ یہ بجھا تو ترے خط و خال سے بھی گئے
تازہ ہوا بہار کی دل کا ملال لے گئی (غزل)
تازہ ہوا بہار کی دل کا ملال لے گئی
پائے جنوں سے حلقۂ گردش حال لے گئی
جرأت شوق کے سوا خلوتیان خاص کو
اک ترے غم کی آگہی تا بہ سوال لے گئی
شعلۂ دل بجھا بجھا خاک زباں اڑی اڑی
دشت ہزار دام سے موج خیال لے گئی
رات کی رات بوئے گل کوزۂ گل میں بس گئی
رنگ ہزار مے کدہ روح سفال لے گئی
تیز ہوا کی چاپ سے تیرہ بنوں میں لو اٹھی
روح تغیر جہاں آگ سے فال لے گئی
نافۂ آہوئے تتار زخم نمود کا شکار
دشت سے زندگی کی رو ایک مثال لے گئی
ہجر و وصال و نیک و بد گردش صد ہزار و صد
تجھ کو کہاں کہاں مرے سرو کمال لے گئی
نرم ہوا پہ یوں کھلے کچھ ترے پیرہن کے راز
سب ترے جسم ناز کے راز وصال لے گئی
ماتم مرگ قیس کی کس سے بنے گی داستاں
نوحۂ بے زباں کوئی چشم غزال لے گئی
دق تجھ سے کتابیں ہیں بہت کرم کتابی (نظم)
دق تجھ سے کتابیں ہیں بہت کرم کتابی
تو دشمن دزدیدہ ہے خاکی ہو کہ آبی
الفاظ کی کھیتی ہے فقط تیری چراگاہ
معنی کی زمیں تیرے سب سایوں نے دابی
ہونے کو تری اصل ہے صیاد مکیں گاہ
کہنے کو فقط تیری حقیقت ہے سرابی
تو نے تو ہر اک سمت لگائی ہیں سرنگیں
پارینہ ہو فرمان کتابیں ہوں نصابی
بادامی ہو کاغذ تو مزا اور ہی کچھ ہے
لقمہ ہوا تحریر کا ہر مغز شتابی
گھن ساتھ ہی گیہوں کے ہے پستہ ہوا دیکھا
برگشتہ ورق لا نہ سکا تجھ پہ خرابی
کیا خوب ہے یہ مجلس اوراق کہن بھی
ویران کتب خانوں کی دیمک تری لابی
فردوسی و خلدوں کی کتابیں ہیں ہراساں
وہ قلعہ معنی تیرا حملہ ہے جوابی
پردہ ہے خموشی تری آہنگ فنا کی
بھونرا ہے فقط کنج گلستاں کا ربابی
تو چاٹ گیا دانش کہنہ کی فصیلیں
بنیاد عمارت کو ہے ڈھانا تری ہابی
اعداد کے قالب میں ہے تو صفر کی طاقت
صفحات کے سوراخ کا بے نام حسابی
تاریخ کے اس سیل میں انسان نے پائی
ایک آدھ کوئی موج نفس وہ بھی حبابی
بکتے سر بازار ہیں مانند زغال آج
جو تازہ نفس خواب تغیر تھے شہابی
کھا جاتی ہے اک دن اسے سب گرد زمانہ
مٹی کی وہ صحنک ہو کہ چینی کی رکابی
بدلی ہوئی دنیا میں تغیر کا عمل ہے
تو کرم کتابی نہیں اک کرم خلل ہے