عزیز اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خدا نے اس کو کوئی غم نہیں دکھایا تھا (غزل)
خدا نے اس کو کوئی غم نہیں دکھایا تھا
عجیب شخص تھا جانے کہاں سے آیا تھا
یہ کیا ستم ہے کہ یاد آ رہا ہے تو پھر سے
ابھی ابھی تو تجھے میری جاں بھلایا تھا
مرے خدا وہ کسی اور کی پناہ میں ہے
وہ جس کو تو نے مرے واسطے بنایا تھا
لٹا دیا ہے جو کچھ ملکیت میں تھا اپنی
ترے لئے ہی کمایا تھا جو کمایا تھا
اتر گیا ہے کسی اور کے وجود میں وہ
جو ایک شخص مری ذات میں سمایا تھا
عزیزؔ قتل بھی کس نے کیا ہے دیکھ ذرا
وہ جاں پہ کھیل کے اپنی جسے بنایا تھا
جو لٹ گیا تو ہر اک ساز دستیاب ہوا (غزل)
جو لٹ گیا تو ہر اک ساز دستیاب ہوا
بھٹک کے راہ تلاشی تو کامیاب ہوا
مری ہی چشم سے سیراب وہ سراب ہوا
میں ہو گیا کوئی کانٹا تو وہ گلاب ہوا
سوال کرتے زمانے گزر گئے مجھ کو
سکوت کر لیا تو پھر وہی جواب ہوا
بھلا کے خود کو ہر اک دل ہے دیکھنے میں لگا
کسے ملی کوئی نعمت کسے عذاب ہوا
ہزار لوگ ہوئے ہیں مگر زیادہ دیر
بتاؤ کون سا جھوٹا یہاں جناب ہوا
سروں کے تاج ہوئے قوم کے چھپے رستم
بہت ستایا گیا جو کھلی کتاب ہوا
تری جدائی کے دن بھی بہت برے تھے مگر
غموں کا چھوڑ کے جانا بہت خراب ہوا
حقیقتوں کی حقیقت جو ہو گئی معلوم
عزیزؔ دیکھ مرا روم روم خواب ہوا