عزیز انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھول جو دل کی رہ گزر میں ہے (غزل)
پھول جو دل کی رہ گزر میں ہے
جانے کس کے وہ انتظار میں ہے
فکر بھی لطف انتظار میں ہے
بے قراری بھی کچھ قرار میں ہے
زندگی تجھ سے کیا امید رکھوں
تو کہاں میرے اختیار میں ہے
اپنا دشمن ہے یہ جہاں سارا
کتنی طاقت ہمارے پیار میں ہے
کوئی حرکت نہیں ہے ڈالی میں
کیا پرندے کے انتظار میں ہے
کر سکو تو اسے کرو محسوس
ایک لذت جو نوک خار میں ہے
وہ جو آگے تھا جاں نثاروں میں
سب سے پیچھے وہی قطار میں ہے
دھول بھی معتبر ہے رستے کی
کارواں کا نشاں غبار میں ہے
امن اور آشتی سے اس کو کیا
اس کا مقصد تو انتشار میں ہے
درد تو انگلیوں سے ملتا ہے
ورنہ آواز تو ستار میں ہے
کل بھی وہ میرا منتظر تھا عزیزؔ
آج بھی میرے انتظار میں ہے
گھر سے باہر نکل کر (غزل)
گھر سے باہر نکل کر
دنیا کو بھی دیکھا کر
فصلیں کاٹ برائی کی
اچھائی کو بویا کر
نیکی ڈال کے دریا میں
اپنے آپ سے دھوکا کر
سب کو پڑھتا رہتا ہے
اپنے آپ کو سمجھا کر
بوڑھے برگد کے نیچے
دل ٹوٹے تو بیٹھا کر
محفل محفل ہنستا ہے
تنہائی میں رویا کر
دنیا پیچھے آئے گی
دیکھ تو دنیا ٹھکرا کر
پڑھ کے سب کچھ سیکھے گا
دیکھ کے بھی کچھ سیکھا کر
دشمن ہوں یا دوست عزیزؔ
سب کو اپنا سمجھا کر
وطن سے پیار ہے جن کو انہیں سب سے محبت ہے (نظم)
وطن سے پیار ہے جن کو انہیں سب سے محبت ہے
وہ کرتے ہیں محبت اپنے گھر کے رہنے والوں سے
انہیں آرام دے کر خود مصیبت سہنے والوں سے
بزرگوں سے عقیدت ہے انہیں بچوں سے الفت ہے
غریبوں سے امیروں سے انہیں سب سے محبت ہے
محبت ہے پرندوں سے انہیں پیڑوں سے ہے رغبت
انہیں ہریالی بھاتی ہے انہیں کھیتوں سے ہے رغبت
انہیں گجرات سے مدراس سے بنگال سے رغبت
انہیں کشمیر کے شملہ کے اسنوفال سے رغبت
انہیں یہ دھوپ یہ بادل یہ ورشا اچھی لگتی ہے
انہیں شاخوں پہ کوئل گھر میں چڑیا اچھی لگتی ہے
انہیں دریاؤں میں کشتی چلانا اچھا لگتا ہے
انہیں جھرنوں کے پانی میں نہانا اچھا لگتا ہے