عظیم الدین ساحل کلم نوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیوں مرے ساتھ ہی اکثر یہ ہوا کرتا ہے (غزل)
کیوں مرے ساتھ ہی اکثر یہ ہوا کرتا ہے
میں جسے چاہوں اسے وقت جدا کرتا ہے
مر بھی جاتا ہے تو دیتا ہے جہاں کو ریشم
جال اطراف وہ اپنے ہی بنا کرتا ہے
اس کی آنکھوں سے برستی ہے سدا ہی ریشم
کس کی یادوں میں شب و روز گھلا کرتا ہے
ختم ہوتی ہیں وہاں اپنی نگاہوں کی حدیں
کہیں سورج بھی پہاڑی میں ڈھلا کرتا ہے
آ ہی جاتے ہیں وداعی پہ دلہن کی آنسو
کس کے روکے سے یہ سیلاب رکا کرتا ہے
ورنہ موجیں لب ساحل بھی ڈبوتیں ساحل
مرے جینے کی کوئی ہے جو دعا کرتا ہے
اردو کا نمک جو کھاتے ہیں اردو پہ گزارا کرتے ہیں (غزل)
اردو کا نمک جو کھاتے ہیں اردو پہ گزارا کرتے ہیں
اس بات کا دکھ ہے لوگ وہی اردو سے کنارا کرتے ہیں
مت دیکھ حقارت سے ان کو اندازہ نہیں ہے تجھ کو ابھی
شبنم کے یہ ننھے قطرے بھی شعلے کو شرارا کرتے ہیں
اپنوں سے گلہ ہم کیا کرتے ہے ریت پرانی دنیا کی
جھڑتے ہیں شجر سے پتے جب پنچھی بھی کنارا کرتے ہیں
ممکن ہی نہیں ہے آ جائیں قانون کے پنجوں میں مجرم
منظر میں نہیں رہتے ہیں تمہیں وہ صرف اشارا کرتے ہیں