اظہرالدین اظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سب کا تھا سارا دھیان کاغذ پر (غزل)
سب کا تھا سارا دھیان کاغذ پر
تھا وہ دشمن مہان کاغذ پر
ظالموں نے زبان کاٹ تو دی
لکھ گیا وہ بیان کاغذ پر
ایک دوجے کو دھوکہ دیتے ہیں
ڈھونڈتے ہیں امان کاغذ پر
ہو گیا گھر کا ایسے بٹوارا
بچ گیا بس نشان کاغذ پر
بھائی کے حصے باغ آئے ہیں
میں نے پائی دکان کاغذ پر
ہے وہ مشہور کڑوی باتوں میں
میٹھی اس کی زبان کاغذ پر
اس نے فٹ پاتھ پر بنا ڈالا
خوبصورت مکان کاغذ پر
تم بھروسے کی بات مت کرنا
ہے بھروسے کی جان کاغذ پر
کل تلک کہہ رہا تھا بیگانہ
لکھ گیا آج جان کاغذ پر
کہہ رہا ہے وہ کہنے دو اظہرؔ
تم لکھو داستان کاغذ پر
تم سے میں دور رہا پانچ برس چودہ دن (غزل)
تم سے میں دور رہا پانچ برس چودہ دن
کتنا مجبور رہا پانچ برس چودہ دن
محفلوں میں سدا ہنستا ہوا پایا گیا میں
کتنا رنجور رہا پانچ برس چودہ دن
ان سے ملتا رہا ہر روز اسی چاہت سے
عشق بھرپور رہا پانچ برس چودہ دن
صبح کی چائے کا دستور رہا اک حد تک
اور یہ دستور رہا پانچ برس چودہ دن
ترے جانے سے یہ دل ہو گیا ریزہ ریزہ
دل مرا طور رہا پانچ برس چودہ دن
کر کے بدنام مجھے اس نے کیا نام اپنا
اور وہ مشہور رہا پانچ برس چودہ دن
اس کے جانے سے ہی دیوانہ ہوا تھا اظہرؔ
عشق کافور رہا پانچ برس چودہ دن