اظہر سجاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ضبط ٹوٹا مرا دسمبر میں (غزل)
ضبط ٹوٹا مرا دسمبر میں
جم کے برسی گھٹا دسمبر میں
اس کا لہجہ بدلتی رت کی طرح
سرد سا ہو گیا دسمبر میں
کیا مجھے بھی وہ یاد کرتا ہے
جو ہوا تھا جدا دسمبر میں
چند ٹوٹے قلم کتابیں پھول
یاد کیا کیا کیا دسمبر میں
سال بھر اس قدر اداس نہ تھا
جس قدر ہو گیا دسمبر میں
اس نے لکھی جو داستاں اظہرؔ
میں نے اس کو پڑھا دسمبر میں
خواب تخلیق کر رہے ہیں خواب (غزل)
خواب تخلیق کر رہے ہیں خواب
آنکھ کھلتے ہی مر رہے ہیں خواب
قطرہ قطرہ سمٹتی تعبیریں
ذرہ ذرہ بکھر رہے ہیں خواب
آج چہرہ بھی کوئی یاد نہیں
پہلے ازبر مگر رہے ہیں خواب
اتنی تلخی کہاں حقیقت میں
جس قدر زہر بھر رہے ہیں خواب
بیٹھ کر جھیل کے کنارے پر
ڈوب جانے سے ڈر رہے ہیں خواب
آج اظہرؔ کسی کی آنکھوں میں
لمحہ لمحہ اتر رہے ہیں خواب
چاند کے پاس اک ستارا ہے (نظم)
چاند کے پاس اک ستارا ہے
وہ جو تارا ہے میری آنکھوں کا
اور رہتا ہے میرے سینے میں
اس کی آنکھوں میں ایک جھرمٹ ہے
جھلملاتے ہوئے ستاروں کا
وہ سراپا جو کہکشاں سا ہے
اس کی معصوم مسکراہٹ سے
کتنے تارے فضا میں چلتے ہیں
میرے گھر کے اداس آنگن میں
چاندنی کے چراغ جلتے ہیں