عذیق الرحمٰن صارم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چاند پر یوں کالے بادل دیکھ کر اچھا لگا (غزل)
چاند پر یوں کالے بادل دیکھ کر اچھا لگا
اک نظر دیکھا جو اس کو عمر بھر اچھا لگا
مثل مجنوں ریگ زاروں کا سفر اچھا لگا
تیری خاطر جیتی بازی ہار کر اچھا لگا
ہنستے ہنستے جان لے لی جان نے اک دن مری
جاں لٹا دی میں نے جس دم جان پر اچھا لگا
تیری یادوں کے سہارے جی رہا ہوں آج بھی
گزرے جو ہم راہ تیرے وہ سفر اچھا لگا
اپنی قسمت پر کروں میں رشک جتنا کم ہے وہ
کیا بتاؤں تم سے مل کر کس قدر اچھا لگا
اونچے محلوں کی رہائش ہو مبارک آپ کو
مجھ کو اپنے گاؤں کا مٹی کا گھر اچھا لگا
مجھ کو اپنی محنتوں پر ہے یقیں اور ناز بھی
خوں پسینے سے ملا ہے جو ثمر اچھا لگا
داد و تحسیں کی تمنا کی نہیں تو نے کبھی
دیکھ کر صارمؔ تمہارا یہ جگر اچھا لگا
میری پلکوں پہ خواب رہنے دے (غزل)
میری پلکوں پہ خواب رہنے دے
کچھ نہ کچھ اضطراب رہنے دے
حق بیانی تو میرا شیوہ ہے
مجھ کو زیر عتاب رہنے دے
تجھ کو فرصت ملے تو پڑھ لینا
مجھ کو مثل کتاب رہنے دے
تیری آنکھیں تو خود نشیلی ہیں
ذکر جام و شراب رہنے دے
تشنگی جب مرا مقدر ہے
میرے حق میں سراب رہنے دے
کوئی آیا ہے سج کے گلشن میں
آج ذکر گلاب رہنے دے
لکھ دے واعظ گناہ سب مجھ پر
نام اپنے ثواب رہنے دے
زندگی تو حباب ہے صارمؔ
اب مجھے تو حباب رہنے دے