پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اظہرنقوی کی غزلیں — Azhar Naqvi Ghazals

اظہرنقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شہر گم صم راستے سنسان گھر خاموش ہیں (غزل)

شہر گم صم راستے سنسان گھر خاموش ہیں

کیا بلا اتری ہے کیوں دیوار و در خاموش ہیں

وہ کھلیں تو ہم سے راز دشت وحشت کچھ کھلے

لوٹ کر کچھ لوگ آئے ہیں مگر خاموش ہیں

ہو گیا غرقاب سورج اور پھر اب اس کے بعد

ساحلوں پر ریت اڑتی ہے بھنور خاموش ہیں

منزلوں کے خواب دے کر ہم یہاں لائے گئے

اب یہاں تک آ گئے تو راہبر خاموش ہیں

دکھ سفر کا ہے کہ اپنوں سے بچھڑ جانے کا غم

کیا سبب ہے وقت رخصت ہم سفر خاموش ہیں

کل شجر کی گفتگو سنتے تھے اور حیرت میں تھے

اب پرندے بولتے ہیں اور شجر خاموش ہیں

جب سے اظہرؔ خال و خد کی بات لوگوں میں چلی

آئنے چپ چاپ ہیں آئینہ گر خاموش ہیں

نہیں ہے پر کوئی امکان ہو بھی سکتا ہے (غزل)

نہیں ہے پر کوئی امکان ہو بھی سکتا ہے

وہ ایک شب مرا مہمان ہو بھی سکتا ہے

عجب نہیں کہ بچھڑنے کا فیصلہ کر لے

اگر یہ دل ہے تو نادان ہو بھی سکتا ہے

محبتوں میں تو سود و زیاں کو مت سوچو

محبتوں میں تو نقصان ہو بھی سکتا ہے

بہت گراں ہے جدائی مگر جو ہونا ہو

تو پھر یہ فیصلہ آسان ہو بھی سکتا ہے

بس اس خبر سے کہ یہ شہر ہے ہجوم سا کچھ

بس اک خبر سے یہ ویران ہو بھی سکتا ہے

مزید غزلیں از اظہرنقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں