اظہر نیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سچ بولنا چاہیں بھی تو بولا نہیں جاتا (غزل)
سچ بولنا چاہیں بھی تو بولا نہیں جاتا
جھوٹوں کے لئے شہر بھی چھوڑا نہیں جاتا
تم کتنا ہی عہدوں سے نوازو ہمیں لیکن
نفرت کا شجر ہم سے تو بویا نہیں جاتا
سوچو تو جوانی کبھی واپس نہیں آتی
دیکھو تو کبھی آ کے بڑھاپا نہیں جاتا
دل پر تو بہت زخم زمانے کے لگے ہیں
خود داری سے لیکن کبھی رویا نہیں جاتا
دنیا بھی سکوں سے کبھی رہنے نہیں دیتی
نوحہ بھی کبھی اپنوں کا لکھا نہیں جاتا
پہرے مرے ہونٹوں پہ لگا رکھے ہیں اس نے
چاہوں میں گلا کرنا تو بولا نہیں جاتا
تنکے بھی نہیں چھوڑے ہیں نیرؔ کسی گھر کے
سیلاب وہ آیا ہے کہ دیکھا نہیں جاتا
ہرے درخت کا شاخوں سے رشتہ ٹوٹ گیا (غزل)
ہرے درخت کا شاخوں سے رشتہ ٹوٹ گیا
ہوا چلی تو گلابوں سے رشتہ ٹوٹ گیا
کہاں ہیں اب وہ مہکتے ہوئے حسیں منظر
کھلی جو آنکھ تو خوابوں سے رشتہ ٹوٹ گیا
ذرا سی دیر میں بیمار غم ہوا رخصت
پلک جھپکتے ہی لوگوں سے رشتہ ٹوٹ گیا
گلاب تتلی دھنک روشنی کرن جگنو
ہر ایک شے کا نگاہوں سے رشتہ ٹوٹ گیا
اٹھی جو صحن میں دیوار اختلاف بڑھے
زمیں کے واسطے اپنوں سے رشتہ ٹوٹ گیا
کتاب زیست کا ہر صفحہ سادہ ہے نیرؔ
قلم کی نوک کا لفظوں سے رشتہ ٹوٹ گیا