اظہر ندوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی نفرت کا قصہ مختصر ہونے نہیں دیتا (غزل)
کبھی نفرت کا قصہ مختصر ہونے نہیں دیتا
کسی صورت وہ ہم کو معتبر ہونے نہیں دیتا
ذرا اس کا کرشمہ دیکھ کوئی انقلاب آئے
نظام کہنہ کو زیر و زبر ہونے نہیں دیتا
ذرا ٹہنی بڑھی اور باغباں نے کاٹ کر پھینکی
اسے پودا ہی رکھتا ہے شجر ہونے نہیں دیتا
جو مل بیٹھے تو پھر صیاد کی کچھ چل نہ پائے گی
عنادل کو وہ یوں شیر و شکر ہونے نہیں دیتا
ہمارے قافلے کے ہر مسافر میں یہ خوبی ہے
کسی کو بھی وہ اپنا راہبر ہونے نہیں دیتا
سمجھ بیٹھا اسے تریاق جس کو زہر کہتا تھا
تجھے تو آئنہ بھی شیشہ گر ہونے نہیں دیتا
عیاں ہو جائے گا اس طرح سے رنگ بہار اظہرؔ
لہو سے اس لئے چہرہ وہ تر ہونے نہیں دیتا
نکھر سکی ہے نہ گل کی نہ خار کی صورت (غزل)
نکھر سکی ہے نہ گل کی نہ خار کی صورت
بہار اب کے نہ آئی بہار کی صورت
نہ جانے کون سی سرسر چلی کہ گلشن میں
اڑا دیا ہمیں مشت غبار کی صورت
جناب شیخ دکھائیں مداہنت کیسے
نہ رہ گئی کوئی باقی فرار کی صورت
یہ اس کے چہرے سے کچھ بھی پتہ نہ چلتا تھا
کہ وہ عدو کی ہے صورت کہ یار کی صورت
تو ہے ہمارا وفادار یا رقیب کا ہے
دکھا دے اب تو کوئی آر پار کی صورت