پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اظہر لکھنوی کی غزلیں — Azhar Lakhnawi Ghazals

اظہر لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ محبت کا فسانہ بھی بدل جائے گا (غزل)

یہ محبت کا فسانہ بھی بدل جائے گا

وقت کے ساتھ زمانہ بھی بدل جائے گا

آج کل میں کوئی طوفان ہے اٹھنے والا

ہم غریبوں کا ٹھکانہ بھی بدل جائے گا

مجھ سے للہ نہ سرکار چھڑائیں دامن

آپ بدلے تو زمانہ بھی بدل جائے گا

پھر بہار آئی ہے گلشن کا نظارہ کر لو

ورنہ یہ وقت سہانہ بھی بدل جائے گا

مفلسی مسند زردار پہ قابض ہوگی

محل بدلے گا زمانہ بھی بدل جائے گا

کس کو معلوم تھا انجام یہ ہوگا اظہرؔ

گھر بدلتے ہی گھرانا بھی بدل جائے گا

دیکھیے چلتا ہے پیمانہ کدھر سے پہلے (غزل)

دیکھیے چلتا ہے پیمانہ کدھر سے پہلے

بزم میں شور ہے ہر سمت ادھر سے پہلے

غم کی تاریک گھٹاؤں سے پریشان نہ ہو

تیرگی ہوتی ہے آثار سحر سے پہلے

آپ جس راہ گزر سے ہیں گزرنے والے

ہم گزر آئے ہیں اس راہ گزر سے پہلے

مجھ سے دیکھے نہیں جاتے ہیں کسی کے آنسو

پونچھ لو اشک ذرا دیدۂ تر سے پہلے

حسن والے تو بہت پھرتے ہیں ہر سو لیکن

تم سا کوئی نہیں گزرا ہے نظر سے پہلے

ایک منزل ہے مگر راہ کئی ہیں اظہرؔ

سوچنا یہ ہے کہ جاؤ گے کدھر سے پہلے