پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اظہر کمال خان کی غزلیں — Azhar Kamal Khan Ghazals

اظہر کمال خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرا دل جلاتے ہو بارشوں کے موسم میں (غزل)

میرا دل جلاتے ہو بارشوں کے موسم میں

کتنا یاد آتے ہو بارشوں کے موسم میں

کس کی کاغذی کشتی جھیل میں ڈبوتے ہو

اب کسے ستاتے ہو بارشوں کے موسم میں

عقل کے پجاری تو اس ہوا سے ڈرتے ہیں

تم دئے جلاتے ہو بارشوں کے موسم میں

آگ سا بدن لے کر گھر سے جب نکلتے ہو

بجلیاں گراتے ہو بارشوں کے موسم میں

یار تم بھی کیسے ہو اتنے کچے رنگوں سے

بام و در سجاتے ہو بارشوں کے موسم میں

بوند بوند پانی میں پھر جلا لیا خود کو

کیوں فریب کھاتے ہو بارشوں کے موسم میں

وہی رات بھر تجھے سوچنا وہی چاہتوں کے نصاب ہیں (غزل)

وہی رات بھر تجھے سوچنا وہی چاہتوں کے نصاب ہیں

یہ بڑے طویل ہیں سلسلے یہ بڑے طویل عذاب ہیں

ہمیں روز ملتی ہیں سازشیں یہاں دوستی کے لباس میں

یہاں ہر قدم پہ فریب ہیں یہاں ہر قدم پہ سراب ہیں

یہ کرم ہے رب کریم کا مجھے اتنے رنگ عطا کیے

جو مٹا رہے تھے نشاں مرا نہ سوال ہیں نہ جواب ہیں

جو سمندروں میں سکوت ہے اسے دیکھ کر نہ فریب کھا

کئی اشک ہیں جو بہے نہیں کئی زلزلے تہہ آب ہیں

کئی چاندنی میں گندھے ہوئے کئی تتلیوں میں گھرے ہوئے

وہ جو پھول تھے تری راہ کے وہی آج مجھ پہ عذاب ہیں

وہ جو لوگ تھے یہاں ریت سے انہیں کیا ہوا وہ کہاں گئے

یہاں پتھروں سی ہے بے حسی یہاں پتھروں سے گلاب ہیں

ہمیں بھوک اپنی قبول ہے یہاں نفرتیں نہیں بیچنا

مرے گاؤں میں بڑا امن ہے مری آنکھ میں بڑے خواب ہیں

مزید غزلیں از اظہر کمال خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں