اظہر نواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ملتے جلتے ہیں یہاں لوگ ضرورت کے لئے (غزل)
ملتے جلتے ہیں یہاں لوگ ضرورت کے لئے
ہم ترے شہر میں آئے ہیں محبت کے لئے
وہ بھی آخر تری تعریف میں ہی خرچ ہوا
میں نے جو وقت نکالا تھا شکایت کے لئے
میں ستارہ ہوں مگر تیز نہیں چمکوں گا
دیکھنے والے کی آنکھوں کی سہولت کے لئے
تم کو بتلاؤں کہ دن بھر وہ مرے ساتھ رہا
ہاں وہی شخص جو مشہور ہے عجلت کے لئے
سر جھکائے ہوئے خاموش جو تم بیٹھے ہو
اتنا کافی ہے مرے دوست ندامت کے لئے
وہ بھی دن آئے کہ دہلیز پہ آ کر اظہرؔ
پاؤں رکتے ہیں مرے تیری اجازت کے لئے
نیند پلکوں پہ یوں رکھی سی ہے (غزل)
نیند پلکوں پہ یوں رکھی سی ہے
آنکھ جیسے ابھی لگی سی ہے
اپنے لوگوں کا ایک میلہ ہے
اپنے پن کی یہاں کمی سی ہے
خوب صورت ہے صرف باہر سے
یہ عمارت بھی آدمی سی ہے
میں ہوں خاموش اور مرے آگے
تیری تصویر بولتی سی ہے
چارہ سازو مرا علاج کرو
آج کچھ درد میں کمی سی ہے
مزید غزلیں از اظہر نواز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں