پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اظہر عنایتی کی غزلیں — Azhar Inayati Ghazals

اظہر عنایتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر ایک رات کو مہتاب دیکھنے کے لیے (غزل)

ہر ایک رات کو مہتاب دیکھنے کے لیے

میں جاگتا ہوں ترا خواب دیکھنے کے لیے

نہ جانے شہر میں کس کس سے جھوٹ بولوں گا

میں گھر کے پھولوں کو شاداب دیکھنے کے لیے

اسی لیے میں کسی اور کا نہ ہو جاؤں

مجھے وہ دے گیا اک خواب دیکھنے کے لیے

کسی نظر میں تو رہ جائے آخری منظر

کوئی تو ہو مجھے غرقاب دیکھنے کے لیے

عجیب سا ہے بہانا مگر تم آ جانا

ہمارے گاؤں کا سیلاب دیکھنے کے لیے

پڑوسیوں نے غلط رنگ دے دیا اظہرؔ

وہ چھت پہ آیا تھا مہتاب دیکھنے کے لیے

اجالا دشت جنوں میں بڑھانا پڑتا ہے (غزل)

اجالا دشت جنوں میں بڑھانا پڑتا ہے

کبھی کبھی ہمیں خیمہ جلانا پڑتا ہے

یہ مسخروں کو وظیفے یوں ہی نہیں ملتے

رئیس خود نہیں ہنستے ہنسانا پڑتا ہے

بڑی عجیب یہ مجبوریاں سماج کی ہیں

منافقوں سے تعلق نبھانا پڑتا ہے

علاوہ راہ قلندر تمام دنیا میں

کسی بھی راہ سے گزرو زمانہ پڑتا ہے

شکستگی میں بھی کیا شان ہے عمارت کی

کہ دیکھنے کو اسے سر اٹھانا پڑتا ہے

کسی کے عیب چھپانا ثواب ہے لیکن

کبھی کبھی کوئی پردہ اٹھانا پڑتا ہے

غزل کا شعر تو ہوتا ہے بس کسی کے لیے

مگر ستم ہے کہ سب کو سنانا پڑتا ہے