پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اظہر ہاشمی سبقت کی غزلیں — Azhar Hashmi Sabqat Ghazals

اظہر ہاشمی سبقت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گزرے ہوئے لمحات کو اب ڈھونڈ رہا ہوں (غزل)

گزرے ہوئے لمحات کو اب ڈھونڈ رہا ہوں

میں اپنے مقدر میں غضب ڈھونڈ رہا ہوں

سجدے کا سبب جان کے شیریں ہے پریشاں

فرہاد نے کہہ ڈالا کے رب ڈھونڈ رہا ہوں

وہ ہیں کہ نبھانے بھی لگے وصل کے آداب

میں ہوں کہ تغافل کا سبب ڈھونڈ رہا ہوں

ظالم مجھے پھر سیکڑوں غم دینے لگا ہے

میں زندگی میں ایک خوشی جب ڈھونڈ رہا ہوں

کیوں مجھ کو سخنور کہو پاگل نہ کہو تم

ہر بزم میں جو بزم ادب ڈھونڈ رہا ہوں

آزردہ تھی غربت میں مرے دوست کی ہجرت

کچھ میں بھی پریشاں ہوں عرب ڈھونڈ رہا ہوں

بس ایک پتہ ہی تو مجھے یاد ہے اظہرؔ

دیوانہ ہے کیا تجھ کو میں کب ڈھونڈ رہا ہوں

جفاؤں کی نمائش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں (غزل)

جفاؤں کی نمائش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

ستم گر کی ستائش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

مجھے تنہائی پڑھنی ہے مگر خاموش لہجے میں

یہی محفل کی خواہش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

مرے افکار پہ بولے بڑی تہذیب سے زاہد

مقدر آزمائش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

یہ جو بے حال سا منظر یہ جو بیمار سے ہم تم

سیاست کی نوازش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

ادھر ہے جام ہاتھوں میں لبوں پہ مسکراہٹ ہے

ادھر جب خوں کی بارش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

ملازم بننا تھا کس کو ملازم بن گیا کوئی

ہنر زیر سفارش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

زباں آزاد ہے جو بھی وہی تو زندہ ہے لیکن

زباں پہ کیسی بندش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

عداوت کی یہاں اظہرؔ جو اک چنگاری اٹھی تھی

وہ بنتی جاتی آتش ہے کسی سے کچھ نہیں بولیں

مزید غزلیں از اظہر ہاشمی سبقت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں