پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اظہر اقبال کی غزلیں — Azhar Iqbal Ghazals

اظہر اقبال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھٹن سی ہونے لگی اس کے پاس جاتے ہوئے (غزل)

گھٹن سی ہونے لگی اس کے پاس جاتے ہوئے

میں خود سے روٹھ گیا ہوں اسے مناتے ہوئے

یہ زخم زخم مناظر لہو لہو چہرہ

کہاں چلے گئے وہ لوگ ہنستے گاتے ہوئے

نہ جانے ختم ہوئی کب ہماری آزادی

تعلقات کی پابندیاں نبھاتے ہوئے

ہے اب بھی بستر جاں پر ترے بدن کی شکن

میں خود ہی مٹنے لگا ہوں اسے مٹاتے ہوئے

تمہارے آنے کی امید بر نہیں آتی

میں راکھ ہونے لگا ہوں دئیے جلاتے ہوئے

یہ بار غم بھی اٹھایا نہیں بہت دن سے (غزل)

یہ بار غم بھی اٹھایا نہیں بہت دن سے

کہ اس نے ہم کو رلایا نہیں بہت دن سے

چلو کہ خاک اڑائیں چلو شراب پئیں

کسی کا ہجر منایا نہیں بہت دن سے

یہ کیفیت ہے میری جان اب تجھے کھو کر

کہ ہم نے خود کو بھی پایا نہیں بہت دن سے

ہر ایک شخص یہاں محو خواب لگتا ہے

کسی نے ہم کو جگایا نہیں بہت دن سے

یہ خوف ہے کہ رگوں میں لہو نہ جم جائے

تمہیں گلے سے لگایا نہیں بہت دن سے

مزید غزلیں از اظہر اقبال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں