اظہر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری کہانی تری کہانی سے مختلف ہے (غزل)
مری کہانی تری کہانی سے مختلف ہے
کہ جیسے آنکھوں کا پانی، پانی سے مختلف ہے
وہ ایک لمحہ جو دسترس میں نہیں رہا ہے
وہ زندگی بھر کی رائیگانی سے مختلف ہے
یہ جھیل آنکھیں ہمیں جو پیغام دے رہی ہیں
وہ تیرے ہونٹوں کی ترجمانی سے مختلف ہے
تری جدائی کا حادثہ ایسا حادثہ ہے
جو ہر حقیقت سے ہر کہانی سے مختلف ہے
میں دشت وحشت کی ریت ہوں اور تو ایک دریا
مری روانی تری روانی سے مختلف ہے
یہ رات آخری لوری سنانے والی ہے (غزل)
یہ رات آخری لوری سنانے والی ہے
میں تھک چکا ہوں مجھے نیند آنے والی ہے
ہنسی مذاق کی باتیں یہیں پہ ختم ہوئیں
اب اس کے بعد کہانی رلانے والی ہے
اکیلا میں ہی نہیں جا رہا ہوں بستی سے
یہ روشنی بھی مرے ساتھ جانے والی ہے
جو نقش ہم نے بنائے تھے صرف وہ ہی نہیں
ہوائے دشت ہمیں بھی مٹانے والی ہے
ابھی تو کوئی بھی نام و نشاں نہیں اس کا
ہمیں جو موج کنارے لگانے والی ہے
ہر ایک شخص کا یہ حال ہے کہ جیسے یہاں
زمین آخری چکر لگانے والی ہے