پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اظہر ادیب کی غزلیں — Azhar Adeeb Ghazals

اظہر ادیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کل پردیس میں یاد آئے گی دھیان میں رکھ (غزل)

کل پردیس میں یاد آئے گی دھیان میں رکھ

اپنے شہر کی مٹی بھی سامان میں رکھ

سارے جسم کو لے کر گھوم زمانے میں

بس اک دل کی دھڑکن پاکستان میں رکھ

جانے کس رستے سے کرنیں آ جائیں

دل دہلیز پہ آنکھیں روشندان میں رکھ

جھیل میں اک مہتاب ضروری ہوتا ہے

کوئی تمنا اس چشم حیران میں رکھ

ہم سے شرط لگانے کی اک صورت ہے

اپنے سارے خواب یہاں میدان میں رکھ

جب بھی چاہوں تیرا چہرا سوچ سکوں

بس اتنی سی بات مرے امکان میں رکھ

تتلی رستہ بھول کے آ بھی سکتی ہے

کاغذ کے یہ پھول ابھی گلدان میں رکھ

اپنے دل سے رسوائی کا خوف نکال

اظہرؔ اب تصویر مری دالان میں رکھ

اپنا جیسا بھی حال رکھا ہے (غزل)

اپنا جیسا بھی حال رکھا ہے

تیرے غم کو نہال رکھا ہے

شاعری کیا ہے ہم نے جینے کا

ایک رستہ نکال رکھا ہے

ہم نے گھر کی سلامتی کے لئے

خود کو گھر سے نکال رکھا ہے

میرے اندر جو سرپھرا ہے اسے

میں نے زنداں میں ڈال رکھا ہے

ایک چہرہ ہے ہم نے جس کے لئے

آئنوں کا خیال رکھا ہے

اس برس کا بھی نام ہم نے تو

تیری یادوں کا سال رکھا ہے

گرتے گرتے بھی ہم نے ہاتھوں پر

آسماں کو سنبھال رکھا ہے

کیا خبر شیشہ گر نے کیوں اظہرؔ

میرے شیشے میں بال رکھا ہے

مزید غزلیں از اظہر ادیب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں