پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز الرحمٰن عزیز پانی پتی کی غزلیں — Azeezur Rahman Azeez Pani Pati Ghazals

عزیز الرحمٰن عزیز پانی پتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ کو معلوم نہ تھا ان سے محبت ہوگی (غزل)

مجھ کو معلوم نہ تھا ان سے محبت ہوگی

درد پر درد مصیبت پہ مصیبت ہوگی

یہی حالت ہے تو اک روز یہ صورت ہوگی

قیس و فرہاد سے بڑھ کر مری وحشت ہوگی

کر کے بدنام مجھے اور یہ کہنا اس پر

آپ کے ملنے سے بے شک مری ذلت ہوگی

اضطراب دل مضطر ہے بیاں سے باہر

تیرے دیدار سے حاصل اسے راحت ہوگی

لے خبر جلد مسیحا تو خدارا آ کر

تیرے بیمار کی ورنہ بری حالت ہوگی

دل یہ کہتا ہے ذرا چل تو در جاناں تک

شرم کہتی ہے ترے جانے میں ذلت ہوگی

میں نے پوچھا کہ بھلا پھر بھی ملو گے صاحب

بولے منہ پھیر کے ہاں گر ہمیں فرصت ہوگی

آپ چل پھر کے ذرا چال دکھائیں تو سہی

آپ کی جانے بلا ہوگی قیامت ہوگی

میں تو گھل گھل کے یوں ہی ہجر میں جاں دوں گا عزیزؔ

اس کو معلوم مرے بعد حقیقت ہوگی

پسند آئیں مجھ کو ادائیں تمہاری (غزل)

پسند آئیں مجھ کو ادائیں تمہاری

یہی دل میں ہے لوں بلائیں تمہاری

کہا وصل کو جب تو بولے وہ ہنس کر

ہیں حد سے زیادہ خطائیں تمہاری

جلا کر کیا خاک سوز الم نے

کہاں تک اٹھاؤں جفائیں تمہاری

رہیں گی سدا یادگار زمانہ

وفائیں ہماری جفائیں تمہاری

شکایت نہ کرنا عزیزؔ ان کی ہرگز

کہ شاید وہ بگڑی بنائیں تمہاری