پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز النساء صبا کی غزلیں — Azeezun Nisaa Saba Ghazals

عزیز النساء صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم اتنی احتیاط سے ہیں زندگی کے ساتھ (غزل)

ہم اتنی احتیاط سے ہیں زندگی کے ساتھ

کٹتی ہو جیسے عمر کسی اجنبی کے ساتھ

دو گام ساتھ دے کے محبت کی راہ میں

اچھا مذاق تم نے کیا زندگی کے ساتھ

پی لیں گے ہم تو شوق سے یہ زہر طنز بھی

رونا پڑے نہ تم کو کسی دن ہنسی کے ساتھ

مانگے ہوئے چراغ کی لو لے کے کیا کریں

اپنی تو عمر کٹ ہی گئی تیرگی کے ساتھ

یہ اور بات ہے کہ خوشی چھین لی گئی

ہم کو شعور غم بھی ملا آگہی کے ساتھ

سجدے نہ ہوں قبول مگر یہ تو غم نہ ہو

سجدوں کی آبرو بھی گئی بندگی کے ساتھ

راہیں جدا جدا ہوں تو کچھ غم نہ کیجئے

ہم عالم خیال میں ہیں آپ ہی کے ساتھ

جس سے نظر ملا کے کبھی گفتگو نہ کی

اک ربط خاص ہم کو رہا ہے اسی کے ساتھ

پھولوں کی زندگی کو بڑھانے کے واسطے

گلشن میں گھومتی ہے صباؔ سادگی کے ساتھ

پھول برسائے کوئی یا کوئی پتھر پھینکے (غزل)

پھول برسائے کوئی یا کوئی پتھر پھینکے

شرط اتنی ہے کہ رسوائی سے بچ کر پھینکے

میں نے تو صرف اجالے کی کرن مانگی تھی

تم نے کیوں زہر میں ڈوبے ہوئے خنجر پھینکے

گھر کی ویرانی سے گھبرا کے نکل آئے ہیں

روشنی کوئی دریچے ہی سے اندر پھینکے

ہو گئی خود ہی زمیں بوس انا کی دیوار

تم نے کچھ پھول زمیں سے جو اٹھا کر پھینکے

اس طرح مجھ کو عطا کی گئی صہبائے حیات

جس طرح ریت پہ کچھ جھاگ سمندر پھینکے

اپنے احساس کی چٹان سے زخمی ہو کر

ہم نے بھی آج صباؔ طنز کے نشتر پھینکے

مزید غزلیں از عزیز النساء صبا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں