پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز بھارتی کی غزلیں — Azeez Bharti Ghazals

عزیز بھارتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کیا کہ نیند آ گئی ہم کو دم سحر (غزل)

یہ کیا کہ نیند آ گئی ہم کو دم سحر

اس صبح کے لیے ہی تو جاگے تھے رات بھر

کچھ اس طرح سے وہ مرے ہم راہ چل پڑا

دنیا سمجھ رہی ہے اسے میرا ہم سفر

کر لینا مجھ سے بات کبھی میں تو ہوں ابھی

یہ وقت جا رہا ہے ذرا اس سے بات کر

مایوسیوں کا عکس ہی ابھرا ہے بارہا

دیکھا ہے میں نے آس کی تصویر کھینچ کر

کتنا عجیب زاویہ تھا اس نگاہ کا

تفصیل دے گیا مجھے گو تھا وہ مختصر

جو مجھ کو روشناس کرے مجھ سے ہی عزیزؔ

میری نگاہ میں وہی لمحہ ہے معتبر

میں اپنی صدی کی غزل لکھ رہا ہوں (غزل)

میں اپنی صدی کی غزل لکھ رہا ہوں

ہر اک مسئلے کا میں حل لکھ رہا ہوں

مری حق پرستی کا ہے یہ تقاضا

صدی کو صدی پل کو پل لکھ رہا ہوں

ہے کس سوچ میں وقت اندازہ کیجے

کہ میں اس کے ماتھے کا بل لکھ رہا ہوں

مری آرزو ہے مرا خواب ہے یہ

جو کٹیا کو بھی میں محل لکھ رہا ہوں

فسانہ عزیز آج امن و اماں کا

بعنوان جنگ و جدل لکھ رہا ہوں

مزید غزلیں از عزیز بھارتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں