عزیز مراد آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خدا نے حسن دیا تجھ کو اور جمال دیا (غزل)
خدا نے حسن دیا تجھ کو اور جمال دیا
مجھے جو عشق دیا وہ بھی بے مثال دیا
سوال وہ کہ نہ تھا جس کا کوئی حل ممکن
مجھے بھی کیا کروں اس نے وہی سوال دیا
ہر ایک حال میں کرتا ہوں رب کا شکر ادا
کبھی خوشی مجھے بخشی کبھی ملال دیا
قرآن پاک سے کچھ ایسا مجھ کو فیض ملا
کے جس نے جہل مرے قلب سے نکال دیا
مجھے خطاؤں پہ اپنی جو شرم آئی ہے
مرے کریم نے میری سزا کو ٹال دیا
سکون قلب میسر تھا مجھ کو پہلے مگر
تمہاری چاہ نے تو الجھنوں میں ڈال دیا
کوئی کمی نہیں عزت میں اس بشر کی عزیزؔ
جسے خدا نے کسی علم میں کمال دیا
عشق نے تیرے نہ جانے کیا تماشا کر دیا (غزل)
عشق نے تیرے نہ جانے کیا تماشا کر دیا
ایک قطرہ تھا میں لیکن مجھ کو دریا کر دیا
جب جنوں میرا بڑھا تو اس نے ایسا کر دیا
ان کو شرمندہ کیا اور مجھ کو رسوا کر دیا
عشق میرا چھپ نہیں سکتا چھپانے سے مرے
آنسوؤں نے خوب بہہ کر اس کو افشا کر دیا
ایک جلوہ جو کبھی تو نے دکھایا تھا مجھے
تیرے اس جلوے ہی نے محو تماشا کر دیا
کونسی تھی وہ خطا جس کی مجھے دی یہ سزا
بزم سے تو نے اٹھا کر مجھ کو رسوا کر دیا
اب تلاش چارہ گر میں کیوں کروں اور کس لئے
درد نے اب تو مرا خود ہی مداوا کر دیا
کیا ضرورت ہے چھپانے کی مرے قاتل کو اب
خون نے اس کو زباں سے آشکارہ کر دیا
میں بہت ممنون احساں ہوں عزیزؔ اس عشق کا
جس نے میرے قلب کو حسن مجلیٰ کر دیا