عزیز بگھروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
منتظر ہے دست قاتل میں کھلا خنجر چلو (غزل)
منتظر ہے دست قاتل میں کھلا خنجر چلو
ہم بھی دیکھیں آج اپنے قتل کا منظر چلو
کچھ تو ٹوٹے اس گھٹن کی زہر ناکی کا طلسم
آندھیو اب کے برس تم شہر کے اندر چلو
یہ وہ شبنم ہے جو اندر سے جلا دیتی ہے جسم
آگہی کی شعلہ سامانی سے بچ بچ کر چلو
پردہ پوشی سے حقائق تو بدل سکتے نہیں
لو تمہیں بھی فرض کر لیتے ہیں پیغمبر چلو
آپ کی گردن پہ کیوں تیغ ستم پیشہ چلی
ہم تو قاتل کی نظر میں تھے کشیدہ سر چلو
دل میں پیدا ہی نہ ہوگا سیر گلشن کا خیال
تم ذرا کچھ دور میرے ساتھ کانٹوں پر چلو
دور تک پھیلا ہو جیسے شب کا سناٹا عزیزؔ
آؤ پھینکیں زندگی کے بحر میں پتھر چلو
اٹھے تو تھے ارباب ستم سوچ سمجھ کے (غزل)
اٹھے تو تھے ارباب ستم سوچ سمجھ کے
سب مل گئے مٹی میں بھرم سوچ سمجھ کے
ہر چند ہے کانٹوں سے بھری راہ ہماری
ہم نے بھی اٹھائے ہیں قدم سوچ سمجھ کے
یہ شے دل خوددار کی ٹھکرائی ہوئی ہے
اس سمت اٹھے چشم کرم سوچ سمجھ کے
اب لرزہ بر اندام ہے کیوں وحشت قاتل
کرنا تھا مرے سر کو قلم سوچ سمجھ کے
مٹتا ہے کہیں نقش رفاقت دل ناداں
کھا ترک تعلق کی قسم سوچ سمجھ کے
اس عہد ریاکار سے اللہ بچائے
اب خود سے بھی ملتے ہیں تو ہم سوچ سمجھ کے
اٹھتا ہے اگر درد نکل پڑتی ہیں چیخیں
کرتے نہیں اظہار الم سوچ سمجھ کے
ہر چند کہ دیوانہ سا لگتا ہے عزیزؔ اک
کرتا ہے مگر شعر رقم سوچ سمجھ کے