پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز عادل کی غزلیں — Azeez Adil Ghazals

عزیز عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دلبراں لوگ خوب صورت ہیں (غزل)

دلبراں لوگ خوب صورت ہیں

میری جاں لوگ خوب صورت ہیں

پھول جن کے نثار جاتے ہیں

مہرباں لوگ خوب صورت ہیں

مجھ سے مت کر شعور کی باتیں

سن میاں لوگ خوب صورت ہیں

خاک سے تو جنہیں بناتا ہے

وہ جہاں لوگ خوب صورت ہیں

بستیاں جو مری جلاتے ہوں

وہ کہاں لوگ خوب صورت ہیں

امن کی جستجو میں نکلے ہوئے

بے اماں لوگ خوب صورت ہیں

جب سے تو بد گماں ہوا عادلؔ

بد گماں لوگ خوب صورت ہیں

روزانہ کوئی کاسہ گدائی کا اٹھا کر (غزل)

روزانہ کوئی کاسہ گدائی کا اٹھا کر

کوچے سے گزر جاتا ہے آواز لگا کر

یہ کیسا ستم ہے کہ دکھائی نہ دے مجھ کو

وہ شخص جو نکلا نہیں سینے میں سما کر

دل کس کی تسلی کے لیے جلنے لگا تھا

دل کس کے لیے راکھ ہوا خود کو جلا کر

اک آئنہ بردار کے ماتھے پہ لکھا تھا

سچ بول مگر جھوٹ کی شیرینی ملا کر

دنیا کا ہر اک صاحب و مختار بھی تجھ سا

انسان ہے انساں کو بنایا نہ خدا کر

یہ ہجر مسلسل رہا آئین محبت

اس درد کی تلخی سے پریشاں نہ ہوا کر

عادلؔ یہ سر شام کہاں جانے لگا ہے

تو سوت کی دستار میں پیوند لگا کر

مزید غزلیں از عزیز عادل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں