عظیم اللہ خاں وقار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو گھر کی بات باہر بولتا ہے (غزل)
جو گھر کی بات باہر بولتا ہے
وہ میرا ہی برادر بولتا ہے
اجالے اب ہمیں ڈسنے لگے ہیں
سکوت شب کا منظر بولتا ہے
جلیں گے ان غریبوں کے مکاں پھر
یہاں کا ہر ستم گر بولتا ہے
موثر ہو جو انداز تخاطب
پڑا راہوں میں پتھر بولتا ہے
کسی کا قتل ہوگا پھر یقیناً
چھپا ہاتھوں میں خنجر بولتا ہے
رویہ ہو تمہارا مخلصانہ
مری ملت کا رہبر بولتا ہے
وقارؔ حق نوا کی بات سن لو
ہزاروں میں وہ کھل کر بولتا ہے
اب تحفظ نہیں ہے جانوں کا (غزل)
اب تحفظ نہیں ہے جانوں کا
یہ ہے احسان حکمرانوں کا
بھوک افلاس اور بیماری
مسئلہ ہے کئی گھرانوں کا
ساری بستی نگل گیا طوفاں
کیا چلے گا پتا مکانوں کا
ہو گیا کتنا لالچی انساں
بن گیا سانپ وہ خزانوں کا
تولتے ہیں پروں کو وہ اپنے
علم جن کو نہیں اڑانوں کا
صرف باقی رہا کتابوں میں
ذکر اب شاہی خاندانوں کا
چاہتے ہو وقارؔ آزادی
فدیہ دینا پڑے گا جانوں کا
مزید غزلیں از عظیم اللہ خاں وقار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں