عظیم قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سرور عشق کی مستی کہاں ہے سب کے لیے (غزل)
سرور عشق کی مستی کہاں ہے سب کے لیے
وہ مجھ میں جذب ہوا آ کے ایک شب کے لیے
وہ ایک کرب حسیں جو مجھے ہوا ہے عطا
نہ تیرے رخ کے لیے ہے نہ تیرے لب کے لیے
کبھی تو الٹے سر عام وہ نقاب اپنی
ترس رہے ہیں سبھی بادۂ عنب کے لیے
ترے وصال کی کب آرزو رہی دل کو
کہ ہم نے چاہا تجھے شوق بے سبب کے لیے
دل حزیں کہ دو عالم نہیں بہا جس کی
لٹایا میں نے اسے تیری ایک چھب کے لیے
وہی کرن جو سر چرخ رہ گئی تنہا
وہ سوگ بن گئی تاروں کے ہر طرب کے لیے
عظیمؔ عشق شہ دو سرا بسا دل میں
وہی عجم کے لیے ہے وہی عرب کے لیے
یہ پھول جو مٹی کے ہیولوں سے اٹا ہے (غزل)
یہ پھول جو مٹی کے ہیولوں سے اٹا ہے
ماضی کا کوئی خواب ہے مانوس صدا ہے
سوکھا ہوا پتا ہوں کہ بے ڈال پڑا ہوں
کیا جانئے کس کے لیے یہ جوگ لیا ہے
اے خار چمن زار منجم تو نہیں تو
فردا کا ہر اک راز ترے لب سے سنا ہے
پوچھو یہ ستاروں سے کہ توضیح کریں وہ
کیوں لاش پہ یوں چاند کی ماتم سا بپا ہے
دکھتے ہوئے دل سے کئی شہکار نکالے
اس دور کو ہم نے ہی ضیا پاش کیا ہے
جم بھی وہی دارا بھی سکندر بھی وہی ہے
جی کر بھی ترا اور جو مر کر بھی ترا ہے
تو مجھ سے گریزاں ہے تو میں تجھ پہ ہوں قرباں
عشوہ ہے جو وہ تیرا تو یہ میری ادا ہے
فن کار نے سمجھا نہ مغنی ہی نے سمجھا
جو سر نہاں ایک قلندر نے کہا ہے
میں پھر بھی عظیمؔ اس کی اداؤں پہ مٹا ہوں
جو مرگ کا عنواں مری ہستی کی بقا ہے
ہر صدا جاں بہ لب (نظم)
ہر صدا جاں بہ لب
ہر نوا جاں بہ لب
ہر ندا جاں بہ لب
دلبری کرب زا
عاشقی کرب زا
آگہی کرب زا
خاک داں نے سنا
عرشیاں نے سنا
ہر زماں نے سنا
یہ ابد کا گلا
مجھ کو وسعت ملے