پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عظیم الوقار فرحان کی غزلیں — Azeem Ul Vaqaar Farhaan Ghazals

عظیم الوقار فرحان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محض یہ وہم ہے یا ہے مرا اپنا سایہ (غزل)

محض یہ وہم ہے یا ہے مرا اپنا سایہ

کون یہ چاند کی نگری سے اتر کر آیا

اجنبیت کے بھی آداب ہوا کرتے ہیں

اجنبی تھا تو مجھے دیکھ کے کیوں گھبرایا

میں مسافر تھا مرا حق تھا ہر اک رستہ پر

یہ الگ بات کہ رستوں نے مجھے بھٹکایا

جب اندھیرا تھا تو ہم دونوں میں تفریق نہ تھی

چاند ابھرا تو جدا ہو گیا میرا سایہ

یہ جو دو پتے ہیں کب ان میں سے اک گر جائے

میں نے اس دور میں ہر ایک کو تنہا پایا

وقت اک آہنی دیوار بھی بن سکتا ہے

کتنے لمحوں کو ٹٹولا تو یہ نکتہ پایا

دور سے کتنے چمکتے ہوئے موتی دیکھے

جس کو نزدیک سے دیکھا اسے پتھر پایا

روح کا راگ تو ہر شخص نے چھیڑا فرحانؔ

جسم میں کیا تھا کہ ہر اک نے اسے ٹھکرایا

مزید غزلیں از عظیم الوقار فرحان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں