عظیم نواز راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
امید کیا تھی اور وہ کیا دے گیا مجھے (غزل)
امید کیا تھی اور وہ کیا دے گیا مجھے
کچھ اپنا کچھ مرا ہی دیا دے گیا مجھے
یہ وقت بھی عجیب ہے جو وقفے وقفے سے
انداز سوچنے کا نیا دے گیا مجھے
اس خوش مزاج دوست کے قربان جائیے
ہر زخم مسکرا کے نیا دے گیا مجھے
جو میرا ہم سفر تھا بڑا ہی عجیب تھا
اپنی جگہ سے اٹھ کے جگہ دے گیا مجھے
شاعر نہیں ہوں پھر بھی میں شاعر نواز ہوں
انداز شاعرانہ خدا دے گیا مجھے
جب تلخیاں حیات کی حد سے بڑھیں نوازؔ
تب جینا اک الگ سے مزہ دے گیا مجھے
آئے گا انقلاب ذرا دیکھتے رہو (غزل)
آئے گا انقلاب ذرا دیکھتے رہو
ہوگا وہ لا جواب ذرا دیکھتے رہو
دار و رسن کی دیکھ لیں زینت بنے گا کون
ہو کس کا انتخاب ذرا دیکھتے رہو
مخمور آنکھیں اٹھ گئیں جو آسماں کی سمت
برسے گی اب شراب ذرا دیکھتے رہو
پردہ کئے جو بیٹھے بھری انجمن میں تھے
ہوں گے وہ بے نقاب ذرا دیکھتے رہو
خط لکھ کے حال دل انہیں بھیجا تو ہے مگر
آئے گا کیا جواب ذرا دیکھتے رہو
یہ حسن یہ ادا یہ جوانی بھی اے نوازؔ
ہو جائیں گے یہ خواب ذرا دیکھتے رہو