عظیم مرتضی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ اور بات ہے کہ مداوائے غم نہ تھا (غزل)
یہ اور بات ہے کہ مداوائے غم نہ تھا
لیکن ترا خلوص توقع سے کم نہ تھا
کیا کیا فراغتیں تھیں میسر حیات کو
وہ دن بھی تھے کہ تیرے سوا کوئی غم نہ تھا
کچھ ہم گرفت گردش دوراں میں آ گئے
کچھ دل بھی تیرے عشق میں ثابت قدم نہ تھا
آئے ہیں یاد تجھ سے بچھڑ کر وہ لوگ بھی
جن سے تعلقات بگڑنے کا غم نہ تھا
وہ دور عشق محض بھی کیا وقت تھا عظیمؔ
جب دل پہ نقش مہر و نشان ستم نہ تھا
نیم شب آتش فریاد اسیراں روشن (غزل)
نیم شب آتش فریاد اسیراں روشن
دھوپ سی پھیل رہی ہے سر دیوار چمن
یا ترے قرب کی یہ ساعت افسردہ ہے
یا کبھی تیرے تصور سے سلگتا تھا بدن
دل جلے روئے ہیں شاید کہیں پھر آخر شب
بھیگا بھیگا ہے نسیم سحری کا دامن
آج تک یاد ہے وہ شام جدائی کا سماں
تیری آواز کی لرزش ترے لہجے کی تھکن
دل کے زخموں سے مہک آتی ہے پھولوں کی عظیمؔ
سینۂ چاک ہے یا رخنۂ دیوار چمن
مزید غزلیں از عظیم مرتضی ←2 غزلیں منسلک